اسلام آباد اوگرا نے اکتوبر کیلئے ایل این جی کی قیمتوں میں کمی کردی ہے، سوئی ناردرن سسٹم پر ایل این جی 2.19 ڈالراورسوئی سدرن سسٹم پر 2.28 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یوسستی کردی گئی۔ جیو نیوز کے مطابق اوگرا نے اکتوبر کیلئے ایل این جی سستی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ سوئی ناردرن سسٹم پر ایل این جی 2.19 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یوسستی ہوگئی ہے۔
سوئی سدرن سسٹم پر ایل این جی 2.28 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یوسستی ہوگئی ہے۔ سوئی ناردرن سسٹم پر ایل این جی کی نئی قیمت 14.78 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یوہوگئی ہے۔جبکہ سستی ہونے کے بعد سوئی سدرن سسٹم پر ایل این جی کی نئی قیمت 15.18 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یوہوگئی ہے۔ اس سے قبل 15 اکتوبر کو وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔
وزیر خزانہ اسحق ڈار نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وزیراعظم کی مشاورت سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں کریں گے، اوگرا کی سمری وزارت خزانہ کو ملنے کے بعد میں نے اسے دیکھا ہے ، سمری میں پیٹرول کی قیمت میں معمولی سی کمی کی اور ڈیزل، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت بڑھانے کی سفارش کی گئی تھی ۔ انہوں نے کہاکہ میں نےاس سمری پر وزیراعظم شہبازشریف سے مشورے کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی اور موجودہ قیمت برقرار رہے گی ۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے اوگرا کی سمری پر وزیراعظم سے بھی بات کی اور فیصلہ کیا کہ چاروں مصنوعات کی قیمتیں 31 اکتوبر 2022 تک برقرار رہیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول، ڈیزل، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں کیا جائے گا۔