ویمنز ایشیاکپ ٹی ٹوئنٹی کے دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دے دی۔
ویمن ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کوایک رن سے ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا سری لنکن ویمنز ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں6 وکٹ کے نقصان پر 122 رنز اسکور کیے جب کہ پاکستان کو ایک رن سے شکست ہوئی۔
پاکستانی پلیئر بسمہ معروف 42 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔ ندا ڈار نے26 رنز بنائے۔ منیبہ علی 18، عمائمہ سہیل 10 اور سدرہ امین نے 10 رنز جوڑے۔
سری لنکا کی جانب سے انوکا راناویرا نے 2 جبکہ کماری اور کویشا دلہاری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستانی بولر نشرح سندھو نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ سعدیہ اقبال، ندا ڈار اور ایمن انور نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکا کی جانب سے ہرشیتھا سماراویکرما سب سے زیادہ 35 رنز اسکور کیے جبکہ دیگر بیٹرز میں کپتان چماری اتھاپتھھو 10، انوشکا سنجیوانی 26، نیلاکشی ڈی سلوا 14، حسینی پریرا 13 جبکہ اوشادی رانا سنگھے 8 رنز بناکر نمایاں رہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے تھائی لینڈ کو 74 رنز سے ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ،دونوں ٹیموں کے مابین ایونٹ کا فائنل 15 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔