وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ تھر کی ترقی سے پورا ملک استفادہ کرے گا، دنیا سے400 ڈالر فی ٹن ملنے والا کوئلہ تھر سے40 ڈالر فی ٹن کی قیمت پر دستیاب ہوگا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابتدائی تخمینے کے مطابق ہمارے پاس 175 بلین ٹن کوئلہ موجود ہے، اگلے موسم گرم سے پہلے2640میگاواٹ کول سے بننے والی بجلی سسٹم میں موجود ہوگی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کل وزیراعظم نے تھر پارکر میں 330میگاواٹ کے پلانٹ کا افتتاح کیا،نواز شریف کے لگائے بیچ پھلدار درخت بن کرپاکستان کے عوام کو توانائی کا تحفہ دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل کے افتتاح کے بعد تھرکول سے چلنے والی بجلی کی تعداد 990 میگاواٹ ہوگئی اس پراجیکٹ کا آغاز 2014 میں کیا گیا تھا۔
خرم دستگیر نے کہا کہ دسمبر میں 1320 میگاواٹ بجلی تھر کے کوئلے سے پیدا ہوجائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ تھر پارکرملک کے بہتر ترقی یافتہ علاقوں میں جلد شامل ہوگا یہاں پانی اور بجلی کی فراہمی کی کوشش ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تھر سے اسلام کوٹ اور حیدرآباد تک کی لائن کو اگلے 6 ماہ میں تعمیر کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ تھرکول منصوبے کی تکمیل سے بجلی کی قیمت میں بھی کمی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ بہتر خارجہ پالیسی کی بدولت سی پیک دوباہ اپنی رفتار پکڑ چکا ہے۔