روس اسٹیل مل اور گیس پائپ لائن منصوبے میں سرمایہ کاری کیلئے رضامند

کراچی شہرقائد میں روسی قونصل جنرل اینڈری وی فیڈورو نے کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان اسٹیل مل اور گیس پائپ لائن منصوبے میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہے لیکن پاکستان کو تین بڑے مسائل حل کرنے ہوں گے۔

کراچی میں پاکستان کونسل آن فارن ریلیشن کے زیر اہتمام روس یوکرین تنازع پر سیمینار سے خطاب میں روسی قونصل جنرل کا کہنا تھاکہ پاکستان کو ایک دوست ملک سمجھتے ہیں اور مل کر چلنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گیس پائپ لائن منصوبے کیلئے ہم تیار ہیں اور اسٹیل مل منصوبے میں سرمایہ کاری کیلئے بھی تیار ہیں لیکن تین بڑے مسائل حکومت کو حل کرنے ہوں، گیس کی فراہمی، ٹریڈ یونین اور زمینوں کے مسائل حل کرنے ہوں گے۔

روس یوکرین تنازع پر ان کا کہناتھا کہ روس 8 سال تک کوشش کرتا رہا یوکرین کا مسئلہ بات چیت سے حل ہو لیکن عالمی طاقتوں کی مداخلت کی وجہ سے یہ مسئلہ پرامن طریقے سے حل نہ ہو سکا، نیٹو کو ہمارے بارڈر تک لاکر بٹھا دیا گیا اور ایسے حالات پیدا کیے گئے جو روس کی سلامتی کیلئے خطرہ تھا جبکہ روس یوکرین جنگ میں پاکستان کا کردار نیوٹرل تھا۔

اینڈری وی فیڈورو نے کہا کہ ہر سال 50 پاکستانی طلبہ کو اسکالر شپ دے رہے ہیں، کلچر کے شعبے میں کام کر رہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافے کیلئے سرگرمیاں جاری ہیں جس کے مثبت نتائج آئیں گے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں