ماسکو:روس نے کئی علاقوں سے پسپائی کے بعد یوکرین آپریشن کیلئے نیا فوجی جنرل مقررکردیا،یوکرین کے کئی علاقوں میں روسی فوج کی پسپائی کے بعد روس نے ملٹری آپریشن کا کمانڈر تبدیل کردیا۔
خبرایجنسی کے مطابق یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے دعویٰ کیا تھا کہ یوکرینی افواج نے روس کے کنٹرول سے کئی علاقے واپس چھڑوا لیے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ یوکرینی افواج نے اس ہفتے ملک کے مشرقی حصے میں 776 اسکوائر کلومیٹر کے علاقے سے روسی قبضہ واپس لیا ہے جس میں لوہانسک ریجن بھی شامل ہے جبکہ مجموعی طور پر 2500 اسکوائر کلومیٹر کا علاقہ روسی تسلط سے چھڑوایا گیا ہے۔
یوکرین کے دعوے پر روس نے کوئی ردعمل نہیں دیا ہے تاہم روس نے یوکرین میں ملٹری آپریشن کےلیے نیا فوجی جنرل مقررکردیا ہے۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق ماضی میں شام میں روس دستوں کی قیادت کرنے والے جنرل سرگئی سورووکن کو یوکرین میں روسی ملٹری آپریشن کا کمانڈرمقرر کیا ہے۔سرگئی سورووکن ماضی میں بھی روس افواج کے اہم عہدوں اور کئی ملٹری آپریشنز کی سربراہی کرچکے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں روس نے قبضہ کیے گئے 4 یوکرینی علاقوں کو ضم کرلیا تھا اور اس سے قبل یوکرین کے علاقوں خیرسون، ڈونیٹسک، لوہانسک اور زاپورزیا میں روس میں شمولیت کیلئے گزشتہ ماہ ریفرنڈم کرایا گیا تھا۔