وزیراعظم کی موسم سرما میں گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دورانیے کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا

وزیراعظم شہباز شریف نے موسم سرما میں گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت ملک میں گیس سپلائی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک، مشیر وزیراعظم احد چیمہ اور متعلقہ سرکاری افسران شریک ہوئے۔

وزیر اعظم نے موسم سرما میں گھریلو صارفین کو خصوصاً ضرورت کے مطابق گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے ٹیکسٹائل ملز کو گیس سپلائی کے حوالے سے درپیش مسائل کے حل کے لئے ایک کمیٹی بنانے کی ہدایت کی تاکہ ٹیکسٹائل ملز کو بروقت گیس فراہم کر کے پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیا جائے۔

موسم سرما میں گیس کی سپلائی کو یقینی بنانے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے نمائندگان شامل ہوں گے۔

اجلاس میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دورانیے کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس کے علاوہ وزیراعظم نے جنوری کے مہینے کی ضروریات پوری کرنے کے لئے کھاد کی مزید درآمد کی ہدایت بھی جاری کی۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں