گزشتہ ماہ ستمبر 2022 کے دوران بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکاونٹس کے ذریعے 16 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز سے زائد رقوم بھجوائیں
لاہور اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے روشن ڈیجیٹل اکاونٹس کے ذریعے بھیجی جانے والی رقوم کا حجم 20 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گیا۔ تفصیلات کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاونٹس کے ذریعے بیرون ممالک سے بھجوائی جانے والی رقوم کے حجم میں واضح کمی آنے کا انکشاف ہوا ہے۔ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاونٹس کے ذریعہ ملک میں وصول ہونے والی ترسیلات زر کاحجم 5.149 ارب ڈالر اورغیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 3.307 ارب ڈالرتک پہنچ گیا۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق ستمبر 2022 کے اختتام تک روشن ڈیجیٹل اکاونٹس کے ذریعہ سمندر پار پاکستانیوں نے 168ملین ڈالرز کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا، جو ناصرف اگست کے مقابلہ میں 11.30 فیصد کم ہے، بلکہ 20 ماہ کی کم ترین ماہانہ ترسیلات کی سطح ہے۔
اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق اگست کے مہینہ میں آرڈی اے کے زریعہ سمندر پار پاکستانیوں نے 187 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک بھیجا تھا۔
جبکہ گزشتہ سال ستمبرمیں روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے ذریعہ سمندرپارپاکستانیوں کی ترسیلات زرکاحجم 297 ملین ڈالرریکارڈ کیا گیا تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق ستمبرکے اختتام تک روشن ڈیجیٹل اکاونٹس کے کھاتہ داروں کی تعداد 472023 ہوگئی ہے، جبکہ ستمبر 2022 کے مہینہ میں آرڈی اے کے کھاتہ داروں میں 15229 کا اضافہ ہوا۔ اعداد و شمارکے مطابق ستمبرکے اختتام تک روشن ڈیجیٹل اکاونٹس کے زریعہ ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 3.307 ارب ڈالرتک پہنچ گیا۔
آرڈی اے کے زریعہ نیا پاکستان(روایتی) میں اب تک 1.691 ارب ڈالر، نیا پاکستان(اسلامی) میں 1.571 ارب ڈالر اورپاکستان سٹاک ایکسچینج میں 45 ملین ڈالرکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔ ستمبرکے مہینہ میں آر ڈی اے کے زریعہ ملک میں 79 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔