نئی دہلی: بھارت کے معروف اداکار سلمان خان پر قاتلانہ حملے کی سازش ناکام بنا دی گئی۔ حملہ آور 2 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گرفتار دہشت گردوں نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں سلمان خان کو قتل کرنے کا ٹاسک ملا تھا اور وہ اجرتی قاتل کے طور پر کام کرتے ہیں۔
انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق کینیڈا میں مقیم بھارتی گینگسٹر لارنس اور جگو بھگو نپوریہ کی جانب سے 3 اجرتی قاتلوں کو سلمان خان کو قتل کرنے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔ جس میں گرفتار نوجوان سمیت دیپک سورکپور اور منو دگر شامل ہیں۔
ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ اس کے علاوہ بھی کئی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔
واضح رہے کہ تین ماہ قبل قتل ہونے والے بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کی زمہ داری بھی لارنس بشنوئی گروپ نے قبول کی تھی اور اسی گروپ نے سلمان خان کو قتل کرنے کی بھی دھمکی دے رکھی تھی۔