پاکستان کرکٹ بورڈ نے خواتین کرکٹ لیگ کا اعلان کردیا، پہلی ’دی ویمنز لیگ‘ آئندہ برس مارچ میں راولپنڈی میں کھیلی جائے گی۔پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ نے پہلی پاکستان جونیئر لیگ کی افتتاحی تقریب میں خو اتین کرکٹ لیگ کا اعلان کیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پہلی دی ویمنز لیگ آئندہ سال مارچ میں پاکستان سپر لیگ کے میچز کے ساتھ کھیلی جائے گی۔
اس کے میچز 3 مارچ سے 18 مارچ تک راولپنڈی میں ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلان میں کہا گیا ہے کہ ویمنز لیگ میں چار ٹیمیں شریک ہوں گی، ہر ٹیم میں 18پلیئرز ہوں گی جس میں 6 غیر ملکی پلیئرز کو بھی شامل کیا جائے گا۔
ادھر دوسری طرف ماضی کے کرکٹ اسٹارز اور اُبھرتے ہوئے تارے جب گلوکاری کے ستاروں کے ساتھ لاہور میں اُترے تو قذافی اسٹیڈیم نے کہکشاں کا روپ دھار لیا۔پاکستان جونیئر لیگ کے پہلے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا۔
تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے جونیئر لیگ کے آئیڈیے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ اس سے مستقبل کے لیے ٹیم کو اسٹارز ملیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہر ٹیم میں موجود لیجنڈز کرکٹرز نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی کے لیے موجود ہیں۔
اس کے علاوہ افتتاحی تقریب میں جونیئر ٹیموں نے اپنے مینٹورز کے ہمراہ مارچ پاسٹ بھی کیا،لیگ کی ٹیموں میں موجود مینٹورز کا تعارف کروایا گیا ، کولن منرو، شعیب ملک، عمران طاہر، ویوین رچرڈز، شاہد آفریدی اور ڈیرن سیمی اسٹیج پر آئے۔
دوسری جانب جسٹن بی بی،طلال قریشی اور دیگر گلوکاروں نے مل کر پاکستان جونیئر لیگ کا آفیشل سونگ گایا جبکہ تقریب کے اختتام پر آتش بازی کا دلکش مظاہرہ کیا گیا۔افتتاحی میچ میں مردان واریئرز اور گوجرانوالہ جائنٹس کی ٹیمیں مدمقابل ہیں۔