میکسیکو:سٹی ہال میں فائرنگ کے واقعے میں شہر کے میئر سمیت 18 افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بدھ کی سہ پہر مسلح افراد نے ریاست گوریرو کے شہر سان میگوئل توتولاپن کے سٹی ہال میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں شہر کے میئر سمیت ایک درجن سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔
جائے وقوعہ پر لی گئی تصاویر میں ہال کی بیرونی دیواریں گولیوں کے درجنوں سوراخوں سے چھلنی نظر آرہی ہیں۔حکام کے مطابق ہلاک شدگان میں میئر کونراڈو مینڈوزا، انکے والد اور سابق میئر جوان مینڈوزا سمیت کونسل کے ممبرز اور پولیس اہلکار شامل ہیں۔
میکسیکو کے صحافی جیکب مورالس اے نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ مرنے والوں میں 18 سے زائد افراد کی تصدیق ہوئی ہے جس میں ایک 12 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔گوریرو اسٹیٹ کے گورنر ایولین سالگاڈو پینیڈا نے سان میگوئل توتولاپن کے میئر کونراڈو مینڈوزا المیڈا کی موت پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے تھائی لینڈ کے ایک ڈے کیئر سینٹر میں فائرنگ سے 34 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔پولیس ترجمان آرچن کریٹونگ کا کہنا ہے تھائی لینڈ کے ڈے کئیر سینٹر میں ہونے والی فائرنگ میں ابھی تک 34 ہلاکتوں کی خبر موصول ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ کے سابق پولیس آفیسر گن لیے ڈے کئیر میں داخل ہوا اور فائر کھول دیا۔ فائرنگ میں اب تک 34 ہلاکتوں کی خبر ملی ہے جس میں 22 بچے شامل ہیں۔