یونان کے جزیرے کے قریب تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے کم از کم 15 افراد ہلاک ہو گئے۔
ایجیئن میں لیسبوس اورکائیتھرا کے جزیرے کے قریب دو دن میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے دو واقعات پیش آئے-
کوسٹ گارڈ نے اب تک بچائے گئے لوگوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ڈوبی ہوئی کشتی میں تقریباً 40 افراد سوار تھے۔کوسٹ گارڈ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ 16 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ مزید نو خواتین کو بچا لیا گیا اور تقریباً 15 افراد لاپتہ ہیں۔
کشتی ترکی کے ساحل کے قریب واقع لیسبوس کے مشرق میں ڈوب گئی۔
یونانی ہجرت کے وزیر، میتاراچی نے ٹویٹ کیا کہ ترکی سے “سخت موسمی حالات کی وجہ سے تمام غیر قانونی روانگیوں کو روکنے کے لیے فوری کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے،آج پہلے ہی ایجیئن میں بہت سی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، لوگ ناکارہ جہازوں میں ڈوب رہے ہیں۔ یورپی یونین کو عمل کرنا چاہئے-
اس سے قبل کے واقعے میں یونانی حکام نے 80 تارکین وطن کو بچا لیا تھا جن کی کشتی بدھ کے روز جنوبی یونان میں کیتھیرا جزیرے کے قریب طوفانی پانیوں میں ایک چٹانی علاقے سے ٹکرانے کے بعد ڈوب گئی تھی۔ بچائے گئے افراد کے مطابق 15 تاحال لاپتہ ہیں اور تلاش اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
جمعرات کو، یونانی کوسٹ گارڈ کا ایک جہاز اور فضائیہ کا ایک ہیلی کاپٹر لیسبوس کے قریب تلاش اور بچاؤ کی کارروائی کے لیے کوشاں رہے تھے، اس علاقے میں تیز ہوائیں چل رہی تھیں۔
لیسبوس کے وسیع ساحل کے ساتھ ان تارکین وطن کی تلاش کی جا رہی تھی جو ممکن ہے ساحل تک پہنچے ہوں۔ تین دور دراز علاقے میں پھنسے ہوئے پائے گئے۔
یونان 2015 اور 2016 میں یورپی ہجرت کے بحران کی پہلی صف میں تھا، جب شام، عراق اور افغانستان میں جنگ اور غربت سے بھاگنے والے دس لاکھ مہاجرین بنیادی طور پر ترکی کے راستے ملک پہنچے۔
اس کے بعد سے تارکین وطن کی آمد کی تعداد میں تیزی سے کمی آئی ہے۔ لیکن یونانی حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے حال ہی میں ملک کے جزیروں اور ترکی کے ساتھ زمینی سرحد کے ذریعے داخلے کی کوششوں میں تیزی سے اضافہ دیکھا ہے۔