انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کی وجہ سے دریائے سوات کا پانی زیر تعمیر مہمند ڈیم کی ڈائی ورشن ٹنلز میں داخل ہو گیا
اسلام آباد زیر تعمیر مہمند ڈیم بھی سیلاب کی زد میں آ گیا۔ تفصیلات کے مطابق واپڈا ترجمان نے کہا ہے کہ زیر تعمیر مہمند ڈیم پراجیکٹ ایریا میں دریائے سوات میں غیر معمولی سیلابی صورت حال کا سامنا ہے، انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کی وجہ سے دریائے سوات کا پانی زیر تعمیر مہمند ڈیم کی ڈائی ورشن ٹنلز میں داخل ہو گیا ہے
جمعہ کو اپنے ایک بیان میں ترجمان واپڈا نے کہا کہ سیلابی صورتحال کے باعث مہمند ڈیم پراجیکٹ پر تعمیراتی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں، دریائے سوات میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ترجمان کے مطابق صورتحال کے پیش نظر پراجیکٹ انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی اقدامات عمل میں لائے گئے ہیں،مہمند ڈیم پراجیکٹ انتظامیہ مستعدی سے صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔