سندھ حکومت نے ہمیشہ دیگر صوبوں سے زیادہ گندم کی سرکاری قیمت کاشتکاروں کو دی۔ مشیرزراعت سندھ منظور وسان
کراچی سندھ حکومت نے وفاق کو گندم کی فی من امدادی قیمت 3 ہزار مقرر کرنے کی تجویز دے دی ہے۔ ہم نیوز کے مطابق وفاقی اورصوبائی حکومتوں کا گندم کی سرکاری قیمت مقرر کرنے سے متعلق مشترکہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی و صوبائی وزرا اور محکمہ زراعت کے تمام سیکریٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی و صوبائی سیکریٹریز نے گندم کی سرکاری قیمت مقررکرنے سے متعلق بریفنگ دی۔
مشیر زراعت سندھ منظور وسان نے کہا کہ سندھ نے گندم کی سرکاری قیمت فی من 3 ہزار مقررکرنے کی تجویزدی ہے، سندھ حکومت نے ہمیشہ دیگر صوبوں سے زیادہ گندم کی سرکاری
قیمت کاشتکاروں کو دی۔ دوسری جانب صوبائی سیکرٹری خوراک پنجاب نادر چٹھہ کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان کے سیلابی علاقوں میں گندم کے گوداموں کو خطرے کے پیش نظر محکمہ خوراک کی جانب سے گندم کی ملتان منتقلی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
انہوں نے گزشتہ روز ملتان اور ڈیرہ غازی خان کے سیلابی علاقوں سے متاثرہ گندم گوداموں کا ہنگامی دورہ کرتے ہوئے کیا۔سیکرٹری خوراک نے اپنی نگرانی میں کوٹ چھٹہ ، شادن لنڈ، تونسہ اور راجن پور کے علاقوں گندم کے ٹرک ملتان منتقل کرائے سیکرٹری خوراک پنجاب نادر چھٹہ کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر سیلابی علاقوں سے گندم ملتان شفٹ کا فیصلہ کیا گیا ہے اس حوالے سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں گندم گوداموں کی کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔
نادر چھٹہ نے کہا کہ سیلاب سے گندم کے ضائع ہونے کا کوئی خطرہ نہیں ہے تمام سٹاک محفوظ حالت میں موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گندم منتقلی کا سلسلہ چند روز میں مکمل کرلیا جائے گا اس سلسلے میں محکمہ خوراک کی خصوصی ٹیمیں سیلابی علاقوں میں تعینات کی گئیں ہیں قبل ازیں سیکرٹری خوراک نادر چٹھہ نے کمشنر آفس ملتان میں محکمہ خوراک کے افسران کے اجلاس کی صدارت بھی کی اور گندم و آٹے کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔