بی ای او سے نئی ماحول دوست ٹیکنالوجیز کو سامنے لانے میں مدد ملے گی,بل گیٹس
دنیا میں امراض اور غربت کے خاتمے کی تگ و دو میں مصروف مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے ہمارے سیارے کو ایک اور بڑے خطرے سے بچانے کی کوششیں شروع کر دیں-
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بل گیٹس کی جانب سے موسمیاتی تبدیلیوں کی روک تھام کے لیے بریک تھرو انرجی وینچرز (بی ای وی) نامی ادارے کے لیے فنڈز اکٹھے کیے جارہے ہیں۔
بل گیٹس نے کہا کہ زہریلی گیسوں کے اخراج کو صفر کرنے تک موسمیاتی تبدیلیوں کی روک تھام ممکن نہیں اور ہمارا ادارہ اسی حوالے سے کام کرے گا، جس کے لیے مختلف کمپنیوں کی جانب سے فنڈز دیئے جارہے ہیں،نئی ٹیکنالوجیز کے بغیر دنیا موسمیاتی تبدیلیوں کے بحران کا مقابلہ نہیں کرسکے گی۔
انہوں نے کہا کہ بریک تھرو انرجی وینچرز کے لیے ہمارا کام عالمی معیشت کو بدلے گا اور دنیا زہریلی گیسوں کے اخراج کو روکنے کے قریب پہنچ جائے گی اور بی ای او سے نئی ماحول دوست ٹیکنالوجیز کو سامنے لانے میں مدد ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ زہریلی گیسوں کے 65 فیصد حصہ کا اخراج متوسط آمدنی والے ممالک کی جانب سے کیا جاتا ہے اور اس کو صفر تک لانے کا واحد ذریعہ نئی ٹیکنالوجیز ہی ہیں، کیونکہ ماضی میں سب سے زیادہ زہریلی گیسوں کو خارج کرنے والے امیر ممالک کی جانب سے سرمایہ لگانے سے انکار کیا جارہا ہے۔
بل گیٹس نے کہا کہ بہت زیادہ سرمایہ طویل المعیاد اسٹوریج، گرین ہائیڈروجن، بجلی کی ترسیل کے بہتر نظام، کسی زہریلی گیس کے اخراج کے بغیر مختلف مصنوعات بشمول سیمنٹ اور اسٹیل کی تیاری پر خرچ کیا جارہا ہے، ان سب پر کام ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے، ماحول کے لیے کم نقصان دہ سیمنٹ کی تیاری زیادہ مہنگی ہوگی۔
بل گیٹس نے کہا کہ زراعت میں متعدد نئی چیزوں نے انہیں دنگ کردیا، ہمارا ہمیشہ سے ماننا ہے کہ زراعت ہی سب سے مشکل شعبہ ہے مگر ہم نے اس میں کافی پیشرفت دیکھی ہے جو ماحول کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے صحت اور ترقی کے شعبوں میں عالمی اہداف کو پورا کرنے کے لیے 1 ارب 27 کروڑ امریکی ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے-
بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری ایک ریلیز میں کہا گیا ہے کہ بل اینڈ میلنڈا گیٹس فانڈیشن نے خاص طور پر 2030 تک ایچ آئی وی، تپ دق اور ملیریا کے خاتمے میں مدد کیلیے 91 کروڑ 20 لاکھ امریکی ڈالر فراہم کرنے اور مستقبل کے وبائی امراض سے حفاظت کے لیے درکار مستحکم نظام صحت کی تعمیر کرنے کا وعدہ کیا ہے یہ فنڈنگ خواتین اور لڑکیوں پر ان بیماریوں کے غیر متناسب اثرات کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔