شہزادی ڈیانا، ہیتھ لیجر، پال واکر، جان لینن اور مائیکل جیکسن سمیت کئی مشہور شخصیات کی مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ موجودہ صورت کا خاکہ پیش کیا
کبھی سوچا ہے کہ آپ کی پسندیدہ لیکن آنجہانی مشہور شخصیات زندہ ہوتیں تو آج کیسی نظر آتیں؟ اگر نہیں سوچا اور جاننا چاہتے ہیں تو ٹیکنالوجی کی بدولت اب یہ ممکن ہو گیا ہے۔
ٹیکنالوجی میں ترقی کے ساتھ، آرٹیفیشل انٹیلی جنس (مصنوعی ذہانت) عروج پاتی جارہی ہے، اور اب ترکی میں مقیم ایک آرٹسٹ نے اس ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے تصور پیش کیا ہے کہ آنجہانی مشہور شخصیات میں سے کچھ کیسی نظر آتیں ”اگر وہ اب زندہ ہوتیں“۔
ترکی سے تعلق رکھنے والے ایک فنکار الپر یسیلٹاس نے شہزادی ڈیانا، ہیتھ لیجر، پال واکر، جان لینن اور مائیکل جیکسن سمیت کئی مشہور شخصیات کی موجودہ صورت کا خاکہ پیش کیا۔
انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر آنجہانی سیلیبریٹیز کے آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے تیار کردہ پورٹریٹ شیئر کیے۔ یسیلٹاس اپنے آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی پروجیکٹ کو عنوان دیا، ”گویا کچھ ہوا ہی نہیں“۔
یسیلٹاس نے مائیکل جیکسن کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ”میں آپ کے ساتھ اپنے آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی پروجیکٹ کا پہلا حصہ شیئر کرنا چاہتا ہوں جس کا نام ہے ’جیسے کچھ ہوا ہی نہیں۔‘ اس پروجیکٹ کے پیچھے یہ سوال چھپا ہوا ہے کہ ’لوگ کیسا نظر آتے اگر ان کے ساتھ کچھ عظیم واقعات رونما نہ ہوتے‘۔ میں منتظر ہوں آپ کے تاثرات اور تجاویزکا۔“
انہوں نے شہزادی ڈیانا، ہیتھ لیجر، ایمی وائن ہاؤس، پال واکر، فریڈی مرکری اور جان لینن سمیت دیگر کی شاندار تصاویر بھی شیئر کیں۔
نیٹیزنز ان تصاویر سے ناقابل یقین حد تک متاثر ہوئے اور تبصرے کے سیکشن میں الپر کی تخلیقی صلاحیتوں کی تعریف کی۔