دوحہ: عالم اسلام کےمعروف مبلغ اور مذہبی اسکالر شیخ یوسف القرضاوی قطر میں انتقال کرگئے۔
ان کے بیٹے عبدالرحمن یوسف القرضاوی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس خبر کی تصدیق کی شیخ یوسف القرضاوی کی عمر 96 سال تھی، ان کا شمار عالم اسلام کے بااثر ترین علماء میں ہوتا تھا۔١٩٢٦ میں مصر میں پیدا ہونے والے القرضاوی 2013 سے قطر میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہے تھے اور انہیں قطری شہریت دی گئی تھی وہ عرب دنیا کی معروف اسلامی تنظیم اخوان المسلمین کے فکری رہنما سمجھے جاتے تھے۔
القرضاوی کے خطبات نے خطے کے دیگر حصوں میں عسکریت پسند تحریکوں کی حمایت کرتے ہوئے القاعدہ اور آئی ایس آئی ایس کی طرف سے حمایت یافتہ بنیاد پرست نظریات کا مقابلہ کیا۔
مصر کی ایک عدالت نے اسے 2015 میں اخوان کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ غیر حاضری میں موت کی سزا سنائی تھی القرضاوی 2004 میں قائم ہونے کے بعد سے انٹرنیشنل یونین آف مسلم اسکالرز کے چیئرمین بھی تھے اور 14 سال تک اس عہدے پر فائز رہے۔
عرب دنیا میں انہیں غیر معمولی مقبولیت حاصل تھی، انہوں نے 50 سے زیادہ کتابیں تصنیف کیں، اسلامی قانون اور فقہ ان کا خاص موضوع تھا جب کہ وہ عالم اسلام میں جمہوری نظام کے بڑے حامی سمجھے جاتے تھے۔