ریاض :سعودی عرب کی پہلی خاتون خلا نورد آئندہ سال خلائی مشن پر روانہ ہوگی
،اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے آئندہ برس اپنے خلاء باز انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں ایک خاتون بھی شامل ہوں گی۔
سعودی خلاء بازوں کو انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن بھیجنے کیلئے ایلن مسک کی کمپنی اسپیس ایکس سے معاہدہ بھی طے پاگیا ہے۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی نجی اسپیس کمپنیوں اور سعودی عرب کے درمیان وسیع تعاون ہوگا جبکہ پہلی سعودی خاتون کا اسپیس اسٹیشن میں بھیجنے کا فیصلہ انتہائی اہم ہے، جس کیلئے تیاریاں مکمل کی جارہی ہیں۔
عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی خلائی مشن کی مزید تفصیلات اگلے ماہ جاری کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات بھی اپنا خلائی پروگرام بڑھا رہا ہے، جس کیلئے وہ آج کل ایک خاتون خلا باز نور المتروشی کو مریخ پر بھیجنے کی تیاری کررہا ہے۔
سعودی عرب نے اپنا پہلا خلائی مشن 1985ء میں (37 سال قبل) بھیجا تھا، اس مشن کے تحت خلا میں جانیوالے سعودی شاہی خاندان کے شہزادہ سلطان بن سلمان پہلے عرب، پہلے مسلمان اور سعودی شاہی خاندان کے پہلے فرد کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
شہزادہ سلطان بن سلمان نے جون میں ’العربیہ ’ سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی خلائی کمیشن ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030ء کا حصہ ہے۔