فرینک کیپریو نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پاکستان سے بہت اچھا رسپانس ملتا ہے، ہمیں بہت سے کمنٹس اور خطوط بھی موصول ہوتے ہیں، پاکستانی نژاد جوڑے نے امریکی جج کو پشاور کی روایتی ٹوپی بھی پہنائی، پاکستان جوڑے کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 65 ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا
اسلام آباد مشہور امریکی جج فرینک کیپریو کی عدالت میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر پیش ہونے والے پاکستانی جوڑے کے ساتھ مکالمے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔جواد عمار اور ان کی اہلیہ کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر طلب کیا گیا تھا۔عدالت میں جواد عمار نے بتایا کہ میری اہلیہ گاڑی چلا رہی تھی جس پر فرینک کیپریو نے مسکراتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی اہلیہ کو قصور وار ٹھہرانے کے لیے عدالت آئے ہیں۔
جواد عماد کی اہلیہ نے جج کو بتایا کہ ان کا تعلق پاکستان سے ہے اور وہ وہیں پر پیدا ہوئیں، بعدازاں امریکی ریاست اوکلوہاما آ گئیں، جج فرینک کیپریو نے یہ بھی بتایا کہ وہ سوشل میڈیا پر موجود ہیں، ہمیں سوشل میڈیا پر پاکستان سے بہت اچھا رسپانس ملتا ہے، ہمیں بہت سے کمنٹس اور خطوط بھی موصول ہوتے ہیں۔
اس موقع پر عمار نے بھی جج کو بتایا کہ جب پاکستان میں کسی کو پتہ چلتا ہے کہ میں پروویڈنس میں رہتا ہوں تو پہلا سوال یہ ہوتا ہے کہ آپ فرینک کیپریو کو جانتے ہیں۔میرے دوست بھی یہاں آ کر پوچھتے ہیں کہ کیا ہم فرینک کیپریو سے مل سکتے ہیں تو میں انہیں یہی جواب دیتا ہوں کہ جب تک آپ کے پاس کوئی ٹریفک چالان نا ہو آپ ان سے نہیں مل سکتے۔
جج کی جانب سے جوڑے کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 65 ڈالر کا جرمانہ عائد کیا گیا،بعدازاں پاکستانی جوڑے نے فرینک کیپریو سے ساتھ تصویر بنوانے کی اجازت مانگی۔ پاکستانی جوڑے کی جانب سے فرینک کیپریو کو پشاور کی روایتی ٹوپی کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔عمار نے بتایا کہ میرے والد خصوصی طور پر آپ کے لیے یہ ٹوپی لائے تھے مگر اُنہیں آپ سے ملنے کا موقع نہ مل سکا۔جواد عمار نے فرینک کیپریو کو ٹوپی پہنائی اور بعدازاں جوڑے نے فرینک کیپریو کے ساتھ تصویر بھی بنوائی۔
جس پر عمار کی اہلیہ نے جج فرینک کیپریو کو بتایا کہ پاکستان میں لوگ آپ کو بہت پسند کرتے ہیں۔