بیجنگ, چین میں ہائیڈروجن غبارہ بے قابو ہونے کے نتیجے میں ایک شخص دو روز تک ہوا میں اڑتا رہا اور روس کی سرحد کے قریب جا کر زمین پر اترا ۔ چینی ذرائع ابلاغ نے ریسکیو حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ چین میں مذکورہ شخص جن کا نام’ ہو ‘ ہے،وہ اور ان کے ساتھی چین کے شمال مشرقی صوبے ہیلونگ جیانگ کے ایک فارسٹ پارک میں باغ سے چلغوزے چن رہے تھے جب غبارہ ان کے قابو سے باہر ہو گیا اور اڑتا چلا گیا۔
انہوں نے کہا کہ غبارہ جب قابو سے باہر ہوا تو ہو کے ساتھی نے بچنے کے لیے چھلانگ لگادی لیکن ہو اس غبارے میں ہی رہ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ غبارے میں پھنسے شخص کو بچانے کے لئے مقامی کمپنی، فائر فائٹرز، پولیس اور پیشہ ورانہ ریسکیو اہلکاروں کی 500 سے زائد افراد پر مشتمل ٹیم ریسکیو آپریشن میں شامل ہوئی تھی۔ انہوں نےکہا کہ ریسکیو ٹیم کا ہو سے اڑنے کے بعد اگلی صبح موبائل فون کے ذریعے رابطہ ہوا اور انہوں نے غبارے سے ہوا نکالنے کا مشورہ دیا تاکہ زمین پر آیا جا سکے۔ لیکن ہو کی پرواز جاری رہی اور وہ مزید ایک روز تک غبارے میں اڑتے رہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہوکا غبارہ 320 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے روس کی سرحد کے قریب جا کر زمین پر اترا تھا۔