سرحد پار حملے میں 3 جوانوں کی شہادت، معاملہ افغانستان کیساتھ اٹھایا ہے: دفتر خارجہ

اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان کو بدترین سیلاب کا سامنا ہے، ملک کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں متاثرین کی ریسکیو اور بحالی کا عمل جاری ہے۔ سرحد پار حملے میں 3 جوانوں کی شہادت کے معاملے کو افغانستان کیساتھ اٹھایا ہے۔ ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران عاصم افتخار نے کہا کہ پاک افغان سرحد پار حملے میں 3 جوانوں کی شہادت کے معاملے کو افغانستان کے ساتھ اٹھایا ہے۔ ہم نے واضح کیا افغان انتظامیہ ایسے واقعات کا سدِباب کرے۔ افغان انتظامیہ مستقبل میں ایسے واقعات کے دوبارہ نہ ہونے کو یقینی بنائے۔ یو اے ای میں کرکٹ میچ کے دوران بدتمیزی اور مار پیٹ کے واقعات افسوسناک ہیں۔ دونوں برادر ممالک کے دوست عوام کے درمیان ایسے واقعات کی گنجائش نہیں ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے، بھارتی قابض افواج نے شوپیاں، اسلام آباد کے اضلاع میں مزید تین نہتے کشمیریوں کو شہید کر دیا ہے، بھارتی افواج نہتے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ ڈھا رہی ہے، مقبوضہ علاقہ میں بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر دنیا کا ایسا خطہ ہے جہاں بڑی تعداد میں بھارت نے اپنی افواج تعینات کر رکھی ہے اور اس طرح بھارت نے کشمیر کو دنیا کا سب سے بڑا قید خانہ بنایا ہے۔ بھارت نے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدام کے بعد مقبوضہ کشمیر میں اب تک 670 افراد کو ماورائے عدالت قتل کیا ہے جن میں سے 150 کو اس سال یکم جنوری سے اب تک شہید کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو اظہار رائے سمیت تمام بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت ،نوجوانوں،صحافیوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور سول سوسائٹی سے وابستہ افراد کو جیلوں میں بند کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال ناقابل قبول ہے ، پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتاہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو بند کرائے اور خطہ میں دیرپا امن کے قیام کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرائے۔ عاصم افتخار نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ازبکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے 2 روزہ دورہ پر تاشقند میں ہیں ۔ وزیراعظم ازبکستان میں قیام کے دوران ایس سی او کے رکن ممالک کے سربراہان مملکت سے بھی دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ، دیگر وزرا اور سینئر حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ پاکستان کے سرکاری وفد میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی آلودگی نہ پھیلانے کے باوجود موسمیاتی تغیر سے براہ راست متاثر ہو رہا ہے، موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان کو اس وقت بدترین سیلاب کا سامنا ہے، ملک کے کئی علاقوں میں بارشوں اور سیلاب سے شدید تباہی ہوئی ہے، سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پاکستان کو دوست ملکوں کی طرف سے بڑی تعداد میں امدادی سامان بھیجا گیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے 9 اور 10 ستمبر کو پاکستان کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا۔ عالمی ادارہ کے سربراہ نے دورہ پاکستان کے دوران سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جا کر بے گھر ہونے والے افراد سے ملاقات کی، انہیں سیلاب سے ہونے والی تباہی اور متاثرہ لوگوں کو امدادکی فراہمی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔ عاصم افتخار نے کہا کہ مختلف ممالک نے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی امداد کیلئے پاکستان کی فراخدلانہ معاونت کی ہے ، اب تک 100 سے زائد پروازوں کے ذریعے امدادی سامان پاکستان پہنچا ہےجو ہمارے پارٹنرز اور دنیا کے مختلف دوست ممالک نے بھیجا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے برطانوی ملکہ الزبتھ کے انتقال پر اظہار افسوس کیااور انہوں نے تعزیت کیلئے اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن کا دورہ بھی کیا۔ وزیراعظم نے اپنے برطانوی ہم منصب کو ایک خط بھی ارسال کیا جس میں برطانوی حکومت اور شاہی خاندان سے تعزیت کی گئی۔ وزیراعظم نے ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال کے بعد برطانیہ کے شاہ چارلس سوئم کو شاہی منصب سنبھالنے پر حکومت اور پاکستانی عوام کی طرف سے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں