برسلز, یوروپی یونین روسی گیس کی قیمتوں کے تعین پر تقسیم ہو گئی۔برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یورپی یونین کے وزراء توانائی نے جمعہ کو شہریوں اور کاروباری اداروں کو توانائی کےبھاری بلوں سے بچانے کے اقدامات کرنے کے لیے ملاقات کی جس میں وہ روسی گیس کی قیمتوں کو محدود کرنے کے معا ملے پر متفق نہ ہو سکے۔
تاہم ہنگامی اجلاس کے لیے پہنچنے والے وزراء نے بجلی فراہم کرنے والوں کو لیکویڈیٹی کی کمی کے نقصانات سے بچنے کے اقدامات کے لیے وسیع حمایت کا اشارہ دیا اور کچھ نے کہا کہ توانائی کے دیگر سستے ذرائع سے گیس کی قیمت کو فوری دوگنا کرنا ہے۔ بتایا گیا کہ جمعہ کو ہونے والی وزارتی بات چیت کا مقصد یوکرین پر روس کے حملے سے پیدا ہونے والے بحران سے نمٹنے کے طریقوں کے بارے میں کسی حتمی فیصلے تک پہنچنے کے بجائے بات چیت کو مزیدکم سے کم نکات پر لاناہے لیکن بہت سے لوگوں نے کہا کہ معاہدے اور کارروائی کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔
جمہوریہ چیک کے وزیر صنعت جوزف سکیلا نے کہا کہ ہم روس کے ساتھ توانائی کی جنگ میں ہیں اور ہمیں واضح اشارہ بھیجنا ہوگا کہ ہم اپنے گھرانوں، اپنی معیشتوں کو سہارا دینے کے لیے جو کچھ بھی کرنا پڑا ہم کریں گے۔بتایا گیا کہ توانائی کے بل یو کرین کی جنگ کے بعد سے بہت زیادہ بڑھ گئے ہیں۔ چونکہ روس نے مغربی پابندیوں کے نفاذ کے بعد یورپ کو گیس کی ترسیل کم کر دی ہے،اس لئے یورپی یونین کی حکومتوں نے روسی توانائی کی قیمتوں کو محدود کرنے کی کوشش کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کی روسی گیس کی قیمتوں کو محدود کرنے کی تجویز بیشتر ممالک کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے اور ادھر روس نے دھمکی دی ہے کہ اگر ایسا کوئی قدم اٹھایا گیا تو وہ کم کی گئی گیس سپلائی کو مکمل طور پر منقطع کر دے گا۔