ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات کہاں ادا کی جائیں گی؟

الزبتھ دوم کا انتقال جمعرات کی سہ پہراسکاٹ لینڈ میں سرکاری رہائش گاہ بالمورل کیسل میں ہوا

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم گزشتہ روز 96 سال کی عمرمیں چل بسیں، انہوں نے برطانیہ میں سب سے طویل عرصہ 70 سال تک حکمرانی کی۔

بکنگھم پیلس سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی کہ ملکہ کا انتقال جمعرات کی سہ پہراسکاٹ لینڈ میں ان کی سرکاری رہائش گاہ بالمورل کیسل میں ہوا۔

ممکنہ طور پر ملکہ کی آخری رسومات ویسٹ منسٹر ایبی میں اداکی جائیں گی

برطانوی میڈیا کے مطابق، ملکہ کی آخری رسومات کی ادائیگی دو ہفتوں کے دوران تاریخی چرچ ویسٹ منسٹر ایبی میں ہوگی۔ یہ چرچ برطانوی حکمرانوں کی تاج پوشی کے لیے معروف ہے۔

سال 1947 میں الزبتھ اور پرنس فلپ کی شادی اور 1953 میں تاج پوشی بھی یہیں ہوئی تھی۔

ویسٹ منسٹر ایبی کے ڈین ڈیوڈ ہوئل کی سرپرستی میں انجام دی جانے والی ملکہ کی آخری رسومات میں کینٹربری کے آرچ بشپ جسٹن ویلبی خطبہ دیں گے۔ جسدِ خاکی لندن لانے کے بعد آخری رسومات کی ادائیگی سے قبل تقریباً 4 دن تک ویسٹ منسٹر ہال میں رکھا جائےگا۔

تابوت کی حفاظت پر شاہی خاندان کے سپاہی مامور ہوں گے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ملکہ کی میت والا تابوت بکنگھم پیلس سے ایک جلوس کےہمراہ ویسٹ منسٹر ہال لایا جائے گا جہاں عوام کو بھی داخلے کی اجازت ہوگی۔ ملکہ کی آخری رسومات کو براہ راست نشر کیے جانے کا امکان ہے۔

آخری رسومات میں شرکت کے لیے اہم عالمی رہنما بھی برطانیہ پہنچیں گے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں