وفد نے مشکل کی گھڑی میں پاکستانی عوام کیلئے امریکہ کی حمایت کی پیشکش کی،آئی ایس پی آر
راولپنڈی, آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی وزیرخارجہ کے مشیر ڈیرک چولیٹ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،خطے کی سکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ تعاون پرتبادلہ خیال کیا گیا،آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر بھی بات چیت کی گئی،جبکہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
امریکی وفد نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر دکھ کا اظہار کیا اور مشکل کی گھڑی میں پاکستانی عوام کیلئے امریکہ کی حمایت کی پیشکش کی،وفد نے علاقائی استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا،امریکی وفد نے متاثرین کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکہ کیساتھ کثیر الجہتی پائیدار تعلقات کی روایت کو برقرار رکھنے کا خواہاں ہے۔
قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف سے امریکی وزیر خارجہ کے سینئر پالیسی مشیر ڈیرک چولیٹ نے ملاقات کی۔ امریکی وزیر خارجہ کے سینئر پالیسی مشیر نے پاکستان میں سیلاب سے نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ڈیرک چولیٹ کا مشکل وقت میں پاکستان کا دورہ کرنے پر اظہار تشکر کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ 3 کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ پاکستانی سیلاب سے اب تک متاثر ہوئے ہیں،سیلاب کے باعث ایک ہزار 300 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب سے زراعت،مویشی،املاک اور اہم انفراسٹرکچر کو بے پناہ نقصان پہنچا ہے جبکہ آلودہ پانی سے بیماریوں کا ممکنہ پھیلاؤ بھی تشویشناک صورتحال اختیار کر سکتا ہے۔ حکومت ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں پوری طرح مصروف عمل ہے۔ سیلاب زدگان کی بحالی،انفراسٹرکچر اور نجی املاک کی تعمیر نو کے بڑے چیلنجز ہوں گےجبکہ امریکی تعاون،یکجہتی اور سیلاب زدگان کیلئے امداد انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔