شہزادہ چارلس برطانیہ کے بادشاہ بن گئے

ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال کے بعد برطانوی بادشاہت فوری طور پر شہزادہ چارلس کو مل گئی

لندن,شہزادہ چارلس برطانیہ کے بادشاہ بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کے انتقال کے بعد برطانیہ کے نئے بادشاہ کا اعلان کر دیا گیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال کے بعد برطانوی بادشاہت فوری طور پر شہزادہ چارلس کو مل گئی۔ شہزادہ چارلس ملکہ برطانیہ کے سب سے بڑے صاحبزادے ہونے کی وجہ سے برطانیہ کے نئے بادشاہ قرار پائے ہیں۔

واضح رہے کہ برطانوی شاہی خاندان کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کے انتقال کر جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ملکہ برطانیہ کی عمر 96 سال تھی، ان کی آخری رسومات کل بروز جمعہ لندن میں ادا کی جائیں گی، جبکہ برطانیہ بھر میں 10 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔

ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال سے برطانیہ پر ان کی 70 سالہ طویل بادشاہت کا اختتام ہو گیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق جمعرات کے روز اسکاٹ لینڈ میں واقع بالمورال شاہی محل میں موجود ملکہ برطانیہ کی صحت کے حوالے سے تشویش ناک خبریں سامنے آئی تھیں۔ بتایا گیا کہ ملکہ کی طبیعت انتہائی ناساز ہے، ڈاکٹرز نے بھی اس حوالے سے تشویش کا اظہار کیا۔ برطانوی شاہی محل بکنگھم پیلس کی جانب سے بھی ملکہ الزبتھ دوم کی تشویش ناک صحت کی تصدیق کی گئی۔

بعد ازاں بتایا گیا کہ ملکہ کی طبیعت مزید بگڑنے پر انہیں انتہائی نگہداشت منتقل کرنا پڑا۔ ملکہ کی خرابی صحت کی وجہ سے خاندان کے تمام افراد شاہی محل پہنچنا شروع ہو گئے تھے، ڈیوک اور ڈچز آف کیمرج شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن، شہزادہ چارلس پہلے سے ہی ملکہ کے پاس موجود تھے۔ جبکہ خاندان سے دوری اختیار کرنے والے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل بھی اپنی تمام مصروفیات معطل کر کے فوری بالمورال شاہی محل پہنچنے کا فیصلہ کیا تھا۔

شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کو لندن میں ایک تقریب میں شرکت کرنا تھی، تاہم ملکہ کی خرابی صحت کی اطلاعات ملنے پر دونوں نے ہنگامی طور پر اسکاٹ لینڈ میں واقع ملکہ کے محل پہنچنے کا فیصلہ کیا۔ برطانیہ کی نئی وزیر اعظم نے بھی ملکہ کی صحت کے حوالے سے سامنے آنے والی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور پورا برطانیہ اس وقت ملکہ کی صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں