چشتیاں: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ تین بار کے منتخب وزیراعظم نواز شریف کو ایک بار بھی مدت پوری کرنے نہیں دی گئی، نواز شریف اور ن لیگ کا مقابلہ عمران خان سے ہے، میں جس انسان کی شکل دیکھنا گوارا نہیں کرتی مجھے اس کے بارے میں بات کرنی پڑتی ہے۔
انہوں نے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ جو بھی کر لے اس کا انجا م بہت برا ہو گا، یہ کل چشتیاں آکر گالیاں دے کر چلا گیا، نواز شریف کے منصوبے گننے شروع کروں تورات کے بارہ بج جائیں گے، عمران خان نے کوئی منصوبہ تو کیا کبھی اینٹ تک نہیں لگائی۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی تقریر نواز شریف پر شروع اور نواز شریف پر ختم ہوتی ہے، آج کل جلسوں میں روز فلمیں دکھا دکھا کر ہلکان ہوتا ہے، میرے پاس ایسے جواب ہیں کہ پاکستان میں کیا پوری دنیا میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، میں تمہارے اوپر کوئی ذاتی حملہ نہیں کروں گی، میں تمہیں سیاسی میدان میں تمہارے گھر تک چھوڑ کر آؤں گی۔
ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے شرکائے جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لندن سے نواز شریف نے چشتیاں کیلئے خصوصی سلام بھیجا ہے، الیکشن چوری ہونے سے پہلے میں نواز شریف کے ساتھ چشتیاں آئی تھی، نواز شریف ووٹ کو عزت دو کی مہم چلارہے تھے، چشتیاں والوں کی محبت اور شفقت ہمیشہ یاد رہے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ چشتیاں نواز شریف کا تھا ، ہے اور رہے گا، چشتیا ں شیر کا تھا ،ہے اور رہے گا، میاں نواز شریف تین بار اس ملک کے وزیراعظم بنے۔