ملزم موقع پر موجود پولیس اہلکاروں کو چکمہ دے کر فرار ہو گیا-
لاہور ہائیکورٹ نے یتیم لڑکی سے زیادتی کے ملزم کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس وحید خان نے ملزم منیب عاصم کی درخواست ضمانت کی سماعت کی، ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے ملزم کیخلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا،ضمانت منظور کی جائے۔
مدعیہ کے وکیل میاں داؤد نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کیخلاف تھانہ ستوکتلہ میں یتیم لڑکی کے ساتھ زنا بالجبر کا مقدمہ درج ہے،ملزم کا ڈی این اے ہونا باقی ہے، تفتیش میں ملزم گنہگار ہوچکا ہے جو کسی رعایت کا مستحق نہیں، 3 ماہ سے جاری عبوری ضمانت خارج کی جائے۔
ہائیکورٹ نے ریکارڈ کا جائزہ لینے اور دلائل سننے کے بعد ملزم کی عبوری ضمانت خارج کی تو ملزم موقع پر موجود پولیس اہلکاروں کو چکمہ دے کر فرار ہو گیا-
جس کے بعد سی سی پی او لاہور نے ملزم کے فرار ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے اس کی فوری گرفتاری اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم جاری کردیا۔