فیصل آباد: چیئرمین پاکستان کرکٹ ٹیم عمران خان نے پیشن گوئی کی ہے کہ آج ہماری کرکٹ ٹیم اچھی کارکردگی دکھائے گی۔
1992 کا ورلڈ کرکٹ کپ جیتنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کے زیر اہتمام اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارت کے خلاف اللہ نے مجھے کامیابی دی تھی۔
عمران خان نے شرکائے جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں ہوں آپ کا کپتان اور آپ ہیں میری ٹیم۔
جس وقت عمران خان اسٹیڈیم میں پی ٹی آئی کے زیر اہتمام منعقدہ بڑے جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے تو عین اس وقت دبئی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں پاک بھارت کی کرکٹ ٹیمیں ایک دوسرے کے مد مقابل تھیں۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی ہے۔
پاک بھارت کرکٹ ٹیمیں ایشیا کپ کا حصہ ہیں، چند روز قبل بھی حریف ٹیموں کے مابین میچ ہوا تھا جسے بھارت نے جیت لیا تھا اور پاکستان کو شکست ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے عمران خان نے بحیثیت کپتان بھارت کو بھارت میں اور انگلینڈ کو انگلینڈ کی سرزمین پر شکست سے دوچار کرنے کی تاریخ رقم کی تھی۔