بینکوں کا اے ٹی ایم نیٹ ورک مذہبی تہوار کے موقع پر عوام کو بلا تعطل خدمات کی فراہمی جاری رکھے گا
عید الفطر پر نئے کرنسی نوٹوں کے حوالے سے سٹیٹ بینک آف پاکستان نے بیان جاری کردیا۔ سٹیٹ بینک کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کمرشل بینکوں کی شاخیں عوام کو عید کے کے لیے نئے کرنسی نوٹ فراہم کریں گی، جس کے لیے کمرشل بینکوں کو عوام کے لیے نئے کرنسی نوٹوں کی فراہمی جاری ہے، سٹیٹ بینک ملک میں موجود بینکوں کے وسیع اور ملک گیر برانچ نیٹ ورک کے ذریعے عوام کی نئے بینک نوٹوں تک رسائی کو آسان بنانے کے لیے کوشاں ہے۔
اس حوالے سے سٹیٹ بینک نے بتایا کہ رواں سال ماہِ رمضان کے دوران اب تک کمرشل بینکوں کی 17 ہزار برانچوں کو تمام مالیتوں میں 27 ارب روپے کے نئے بینک نوٹ فراہم کیے گئے ہیں، بینکوں کا اے ٹی ایم نیٹ ورک مذہبی تہوار کے موقع پر عوام کو بلا تعطل معیار ی اور صاف ستھرے بینک نوٹ جاری کرے گا تاکہ عوام کو نئے بینک نوٹوں کی با آسانی اور مؤثر فراہمی ہو، اس کے لیے کیش مانیٹرنگ ٹیمیں بھی تعینات کی ہیں۔
علاوہ ازیں عید سے قبل سرکاری ملازمین اور پنشنرز کیلئے بڑی خوشخبری ہے کہ 3 صوبوں کے ملازمین اور پنشنرز کو عید الفطر کی آمد کے باعث قبل از وقت تنخواہیں اور پنشن ملے گی، پنجاب، خیبرپختونخواہ اور سندھ کی صوبائی حکومتوں کی جانب سے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو عید الفطر کی آمد پر قبل از وقت تنخواہیں اور پنشن ادا کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، سب سے پہلے سندھ حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو قبل از وقت تنخواہیں اور پنشن ادا کرنے کا اعلان کیا گیا جس کے بعد خیبر پختونخواہ حکومت نے عید کے پیش نظر سرکاری ملازمین کو تنخواہ اور پینشن 20 مارچ کو دینے کا فیصلہ کیا، اسی طرح پنجاب حکومت کی جانب سے بھی سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو عید الفطر کی آمد پر قبل از وقت تنخواہیں اور پنشن ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔