روپیہ کی قدر میں کمی، ڈالر کی قیمت 14 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

کرنٹ اکاونٹ خسارہ بڑھنے، غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم کم ہونے اور ڈالر کی طلب میں اضافہ ہونے کی وجہ سے پاکستانی روپیہ مزید کمزور ہو گیا

روپیہ کی قدر میں کمی، ڈالر کی قیمت 14 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، کرنٹ اکاونٹ خسارہ بڑھنے، غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم کم ہونے اور ڈالر کی طلب میں اضافہ ہونے کی وجہ سے پاکستانی روپیہ مزید کمزور ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی اونچی اڑان پھر سے بے قابو ہونا شروع ہو گئی۔

انٹربینک مارکیٹ میں منگل کے روز ڈالر کی قیمت 14 ماہ کی بلند ترین سطح پر آ گئی۔ جنوری 2023 کے بعد پہلی مرتبہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت سوا 280 روپے کی سطح سے اوپر چلی گئی۔ منگل کے روز انٹربینک مارکیٹ میں ایک موقع پر ڈالر کی قدر 10پیسے کی کمی سے 280روپے 06پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔ تاہم امریکی کرنسی کی طلب بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 20پیسے کے اضافے سے 280روپے 26پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 09پیسے کے اضافے سے 282روپے 07پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔ ماہرین معیشت کے مطابق فروری کے ماہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 45 فیصد کی بڑی کمی ہوئی۔ جبکہ مارکیٹ میں سپلائی کے مقابلے میں ڈالر کی طلب میں زیادہ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اسی باعث فروری 2025 میں کرنٹ اکاونٹ خسارہ بھی بڑھ گیا۔ اس کے علاوہ حکومت دعووں کے باوجود آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ نہیں ہو سکا۔

حکومت کی جانب سے دعوے کیے جا رہے ہیں کہ آئی ایم ایف حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہے، تاہم اس کے باوجود پاکستان آنے والے آئی ایم ایف وفد نے پاکستان کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ نہیں کیا۔ ان ہی عوامل کی وجہ سے کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 14 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں