بیٹی کو اسکول لینے گیا تو چوکیدار نے بتایا وہ گھر جا چکی ہے، گھر پہنچا تو وہ گھر پر موجود نہ تھی،متاثرہ بچی کے والد کی گفتگو
لاہور, اسکول کے چوکیدار کی میٹرک کی طالبہ سے مبینہ زیادتی۔ واقعہ خانیوال کے ایک سرکاری اسکول میں پیشہ آیا جہاں نویں کلاس کی بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق خانیوال کے سرکاری اسکول میں ایک تشویشناک واقعہ رپورٹ ہوا ہے جس میں نویں کلاس کی بچی کو مبینہ طور پر اسکول کے چوکیدار کی جانب سے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
اے آر وائی کے مطابق متاثرہ بچی کے والد کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بیٹی کو اسکول لینے گیا تو چوکیدار نے اسے بتایا کہ اس کی بیٹی گھر جا چکی ہے، جب میں گھر پہنچا تو بیٹی کو گھر پر موجود نہ پایا جس کے بعد تشویش لاحق ہوئی اور اسے ادھر ادھر ڈھونڈتا رہا۔ متاثرہ بچی کے والد نے بتایا کہ جب وہ اپنی بیٹی کو ڈھونڈتا ہوا دوبارہ اسکول گیا تو اس نے دیکھا کہ اسکول کا چوکیدار بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چوکیدار مجھے دیکھ کر موقع سے فرار ہو گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق متاثرہ بچی کے والد کا کہنا ہے کہ اس نے اسکول کی میڈم سے شکایت کی جس پر میڈم کی جانب سے معاملے کو دبانے کا کہا گیا۔ میڈم نے کہا کہ معاملہ یہیں پر دبا دیں ورنہ بہت بدنامی ہوگی۔ رپورٹ میں پولیس ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ واقعہ پر ڈی پی او خانیوال نے فوری ایکشن لیا ہے جس میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ متاثرہ بچی کو طبی معائنے کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹرز اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔