آرمی انجینئرز نے دن رات کام کرکے بحرین پل ٹریفک کے لیے کھول دیا

پل عوام کے لیے کھولنے پر سوات کے مقامی لوگوں کی خوشی دیدنی‘ پاکستان آرمی زندہ باد کے نعرے لگائے

سوات, آرمی انجینئرز نے دن رات کام کرکے بحرین پل ٹریفک کے لیے کھول دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سوات کے شہریوں سے کیا وعدہ پورا کر دیا اور سوات میں بحرین، مدین اور خوازہ خیلہ کے لوگوں کے لیے بڑی خوشخبری مل گئی کیوں کہ بحرین پل کو آرمی انجینئرز نے دن رات کام کر کے ٹریفک کے لیے کھول دیا۔

بتایا گیا ہے کہ بہت جلد بحرین پل کو عوام کے لیے کھولنے پر سوات کے مقامی لوگوں کی خوشی دیدنی تھی، جس کے باعث اس موقع پر لوگوں نے پاکستان آرمی زندہ باد کے نعرے لگائے۔ معلوم ہوا ہے کہ بحرین پل کی بندش کی وجہ سے مقامی آبادی کا رابطہ مینگورہ اور خوازہ خیلہ سے کٹ گیا اور پل کی بندش کے باعث بحرین خود بھی 2 حصوں میں تقسیم ہو گیا تھا، 30 اگست کو آرمی چیف نے سوات کے دورے کے دوران ایک ہفتے میں روڈ بحال کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

بتاتے چلیں کہ ملک بھر میں سیلاب کے باعث مزید مختلف حادثات میں 26 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 1290 ہوگئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں 26 افراد جاں بحق ہوئے، 14 جون سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 1290 ہوچکی ہے، سیلاب اور مخلتف حادثات میں جاں بحق ہونے والوں میں 570 مرد، 259 خواتین اور 453 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں تعداد 12 ہزار سے زائد ہے۔

تاہم ملک کے طول و عرض میں کئی روز مسلسل تباہی پھیلانے کے بعد سیلاب کا خطرہ بلاآخر ٹل گیا، سماء نیوز کے مطابق فلڈ وارننگ سیل نے بتایا کہ نوشہرہ میں تباہی مچانے والے دریائے کابل کی تیزی ختم ہوچکی اور اس میں پانی کی سطح دوبارہ معمول پر آگئی ہے، گدو بیراج پر بھی پانی کی سطح گرگئی ہے اور سیلاب کا خطرہ ٹل گیا ہے، کابل اورسندھ کا 6 لاکھ کیوسک کا مشترکہ ریلا تونسہ بیراج سے ہوتا ہوا گدو بيراج کی جانب آیا جس کے بعد گدو بیراج پر اونچے درجے کے سیلاب کی پیش گوئی کی گئی اور کہا گیا تھا کہ یہ سیلاب 8 روز تک جاری رہے گا تاہم اس وقت گدو بیراج پر پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 85 ہزار کیوسک رہ گیا ہے اور یہ اونچے سے درمیانے درجے کے سیلاب کی کیٹگری میں آگیا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں