بدین میں پیش آئے حادثے کے وقت 2 کم عمر بچیاں اور ان کا بھائی سڑک کنارے سو رہے، تینوں بہن بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے
بدین, سندھ میں سیلاب سے جان بچا کر سڑک پر پناہ لینے والے 3 بہن بھائیوں کو ٹرک نے کچل دیا، تینوں بہن بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق سیلاب سے متاثرہ سندھ کے ضلع بدین میں انتہائی دلخراش واقعہ پیش آنے کا انکشاف ہوا ہے۔ ڈان اخبار کی خبر کے مطابق بدین میں سیلاب سے جان بچا کر سڑک پر پناہ لینے والی 2 کم عمر بچیاں اور ان کا بھائی اس وقت خوفناک حادثے کا شکار ہو گئے جب وہ سڑک کنارے سو رہے تھے۔
پولیس کے مطابق بدین میں سیلاب متاثرین گولارچی کے علاقے میں حاجی امیر شاہ نالے کے قریب سو رہے تھے جب صبح ساڑھے چھ بجے کے قریب سامان سے بھرا ٹرک اُن کے اوپر چڑھ گیا، حادثے میں ٹرک تلے آنے والے 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ٹرک کوئلے سے لدا ہوا تھا اور اسلام کوٹ کے علاقے سے آرہا تھا، واقعے کی اطلاع ملنے پر جائے وقوعہ پہنچ کر ٹرک ڈرائیور سمیت 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
دوسری جانب جامشورو میں بھی افسوسناک واقعہ پیش آیا، سیلاب زدہ علاقوں سے متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقلی کے دوران دریائے سندھ میں جامشورو کے قریب ایک کشتی الٹ گئی، حادثے کے وقت کشتی میں 15 افراد سوار تھے۔ آخری اطلاعات تک کشتی ڈوبتے ہی غوطہ خوروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 7 افراد کو بچا لیا، ایک خاتون کی لاش دریا سے نکال لی گئی جب کہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 5 روز قبل بھی دریائے سندھ میں جامشورو کے قریب نشیبی علاقوں سے سیلاب متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے والی کشتی الٹ گئی تھی۔اس کشتی میں 17 افراد سوار تھے اور حادثے کے نتیجے میں ایک بچے اور تین خواتین سمیت 5 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے۔