پاکستان میں 100 سالہ تاریخ کی سرد ترین راتیں اور دن ہونے، پنجاب کے وسطی اضلاع میں برفباری ہونے کے دعوے

محکمہ موسمیات نے گزشتہ چند روز سے ریکارڈ توڑ سردی کی شدت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر کیے جانے والے دعووں پر وضاحت جاری کر دی

پاکستان میں 100 سالہ تاریخ کی سرد ترین راتیں اور دن ہونے، پنجاب کے وسطی اضلاع میں برفباری ہونے کے دعوے، محکمہ موسمیات نے گزشتہ چند روز سے ریکارڈ توڑ سردی کی شدت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر کیے جانے والے دعووں پر وضاحت جاری کر دی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پنجاب کے وسطی اضلاع میں برفباری اور تاریخی سردی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبر کی تردید کی ہے۔

ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق یہ خبر بے بنیاد اور حقائق کے برعکس ہے جس میں دعوی کیا گیا ہے کہ 12 سے 15جنوری تک کی راتیں پاکستان کی 100 سالہ تاریخ کی سرد ترین راتیں اور دن ہو سکتے ہیں اور اس دوران سعودی عرب کی طرح دن یا رات کو برفباری بھی ہوسکتی ہے، جن علاقوں میں برفباری ہو سکتی ہے ،ان میں گجرات، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، خانیوال، بہاولپور، قصور ، وہاڑی، اوکاڑہ، ساہیوال، حافظ آباد، چکوال، جہلم، میانوالی، بھکر، لیہ، چنیوٹ، سرگودھا، خوشاب، ڈیرہ غازیخان، راجن پور، اور رحیم یار خان کے اضلاع شامل ہیں۔

ترجمان محکمہ موسمیات نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے وسطی اضلاع میں کوئی برفباری ممکن نہیں، یہ علاقے جغرافیائی اور موسمیاتی اعتبار سے ایسی صورتحال کے لیے موزوں نہیں ہیں،البتہ پنجاب کے ان علاقوں میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش اور بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ ایسی خبروں کا مقصد صرف لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کرنا ہوتا ہے لہذا عوام ان پر بالکل کان نہ دھریں ۔

ترجمان نے مزید کہاکہ پاکستان محمکہ موسمیات موسمی اعتبار سے اپنے عوام کو مستند ڈیٹا فراہم کرتا ہے جواس کی سرکاری ویب پر موجود ہوتا ہے۔ دوسری جانب ملک میں بارش برسانے والا سسٹم کب داخل ہوگا، اس حوالے سے محکمہ موسمیات کی پیش گوئی سامنے آ گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں بارش برسانے والا سسٹم 14 جنوری کو داخل ہوگا۔ بادلوں کے اس سسٹم کے آنے سے بارش ہوگی اور دھند کی شدت میں کمی آئے گی۔

جبکہ بارشوں کے اس سلسلے سے قبل ہی لاہور اور دیگر شہروں میں مسلسل 2 دن بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ لاہور میں ہفتے اور اتوار کو مسلسل دو دن بارش ہونے کا امکان ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو جائے۔ رواں موسم سرما کے دوران یہ پہلا موقع ہو گا جب لاہور میں مسلسل دو دن بارش ہونے کا امکان ہے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں