ملک میں مزید بارشوں کی پیشن گوئی

آئندہ ہفتے بدھ تک پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخواہ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بادل خوب برسنے کا امکان

لاہور, آئندہ ہفتے بدھ تک پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخواہ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بادل خوب برسنے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک کے کئی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشن گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے کم شدت کی مون سون ہوائیں ملک کے بالائی اوروسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔

اس سسٹم کی آمد کی وجہ سے آئندہ ہفتے بدھ تک آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، راولپنڈی، مری ، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، گوجرانوالا، گجرات، شیخوپورہ، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاوالدین، جھنگ، فیصل آباد، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، ملاکنڈ، باجوڑ، پشاور، مردان، چارسدہ، صوابی ، نوشہرہ، کرم، کوہاٹ اور وزیرستان میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

کشمیر،خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں،گلیات اور مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سال ملک میں مون سون بارشوں کا 30سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں میں 1 ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوئے ،بڑے پیمانے پر مالی نقصان بھی ہوا۔ ماہرین کے مطابق پاکستان موسمی تبدیلیوں کا شکار ہے۔

ماہرین کے مطابق پاکستان میں مون سون بارشیں برسانے والی ہوائیں روایتی طور پر خلیج بنگال سے ہی اٹھیں لیکن راستہ تبدیل ہونے کی وجہ سے بارشوں کی غیر روایتی شدت نے سب تلپٹ کردیا۔ ماہرین کے مطابق اس مرتبہ خلاف معمول مون سون ویدر سسٹم یکے بعد دیگرے بنے جس کی وجہ سے سندھ اور بلوچستان میں غیر معمولی بارشیں ہوئیں یہاں تک کہ افغانستان تک بارشیں ہوئی ہیں۔ جبکہ محکمہ موسمیات چند روز قبل اپنی ایک رپورٹ میں بتا چکا کہ ملک میں مون سون بارشوں کا سیزن ابھی بھی ختم نہیں ہوا، یہ سیزن ممکنہ طور پر اکتوبر کے پہلے ہفتے تک جاری رہ سکتا ہے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں