غیرقانونی تارکین کو 31 دسمبر تک مہلت دی ہے، اس دوران وہ ملک سے نکل جائیں یا اپنے قانونی معاملات کو درست کرالیں.دبئی امیگریشن اتھارٹی
متحدہ عرب امارات میں دبئی امیگریشن اتھارٹی کا کہنا ہے غیر ملکی تارکین وطن کی سہولت کے لیے آن لائن ایگزٹ پرمٹ کا اجرا ءکردیا گیا ہے غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایگزٹ پرمٹ حاصل کرنے والوں کو چاہیے کہ وہ دی گئی مہلت 31دسمبر 2024سے قبل امارات سے چلے جائیں تاکہ کسی بھی قسم کے جرمانے سے محفوظ رہ سکیں.
امیگریشن اینڈ پاسپورٹ اتھارٹی کے مطابق دبئی میں مقیم غیرقانونی تارکین وطن جن کے اقامے یا ورک پرمٹ کی مدت ختم ہوچکی ہے اور وہ وطن واپس جانے کے خواہش مند ہوں، ان کی سہولت کے لیے آن لائن ایگزٹ پرمٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے.
رپورٹ کے مطابق آن لائن ایگزٹ پرمٹ حاصل کرنے کے لیے درخواست گزرا یا اس کی کمپنی یو ایے ای پاس ڈیجیٹل سروس کے پورٹل پر لاگ ان کرنے کے بعد تصریح المغادرہ (ایگزٹ پرمٹ) کے آپشن کا انتخاب کریں اور وہاں درکارمعلومات فیڈ کرنے کے بعد مقررہ فیس ادا کرکے درخواست اپلوڈ کردیں درخواست موصول ہونے کے بعد سسٹم تمام دستاویزات کا خود کار طریقے سے جائزہ لے گا اور ایگزٹ پرمٹ ای میل پر بھیج دیا جائے گا.
واضح رہے کہ ایگزٹ پرمٹ کی مدت 14 دن ہوتی ہے پرمٹ حاصل کرنے والے کو چاہیے کہ وہ اس دوران ملک سے چلے جائیں، اس کے علاوہ ایگزٹ پرمٹ سمارٹ ایپ کے ذریعے بھی جاری کرایا جاسکتا ہے امیگریشن اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا کہ دبئی حکومت نے غیرقانونی تارکین کو 31 دسمبر تک مہلت دی ہے، اس دوران وہ ملک سے نکل جائیں یا اپنے قانونی معاملات کو درست کرالیں.
دبئی میں رہنے والے غیرقانونی تارکین کو مقررہ مہلت کے ختم ہونے کے بعد قانون شکنی کا سامنا کرنا پڑے گا جس پر قید اور جرمانے کی سزا دی جائے گی واضح رہے امارات میں حکام کی جانب سے ایسے غیرملکی جن کے اقامے یا ورک پرمٹ ایکسپائر ہوچکے ہیں اور ان کا قیام قانونی نہ رہا ہو انہیں خصوصی رعایت دی گئی ہے تاکہ وہ اپنے قیام کو قانونی شکل دیں دی گئی مہلت کے دوران ملک سے جانے والوں پر کسی قسم کا جرمانہ عائد نہیں کیا جائے گا نہ ہی انہیں کوئی فیس لی جائے گی.