آئی سی سی کے وارنٹ کی تعمیل پر سنگین نتائج کیلئے تیار رہیں، ٹرمپ کے ساتھی سینیٹر لنزی گراہم کا انتباہ
دوسری بار امریکا کے صدر منتخب ہونے والے ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھی نے اسرائیل کے وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو کی گرفتاری کی صورت میں برطانوی معیشت کو تباہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔
سینیٹر لِنزی فراہم نے ایک بیان میں برطانوی وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی فوجداری عدالت کی طرف سے جاری کردہ وارنٹ کی تعمیل کرنے والے ہر ملک کو سنگین نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔
یورپی یونین میں خارجہ پالیسی کے شعبے کے سربراہ جوزپ بوریل فونٹیلیز نے عالمی فوجداری عدالت کی طرف سے نیتن یاہو اور اسرائیل کے سابق وزیرِدفاع یوآو گیلنٹ کے وارنٹ جاری ہونے پر کہا تھا کہ یورپی یونین کے تمام ارکان عالمی عدالت کے فیصلے کی تعمیل کے پابند ہیں۔
ذہن نشین رہے کہ ایسٹونیا کی سابق وزیرِاعظم کیجا کیلس بہت جلد یورپی یونین کے اس اہم منصب پر فائز ہونے والی ہیں۔
دی نیدر لینڈز کے شہر دی ہیگ میں قائم عالمی فوجداری عدالت نے تین دن قبل اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو، سابق وزیرِدفاع یوآو گیلنٹ اور حماس کے ملٹری ونگ کے سربراہ محمد الضیف کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے۔ تینوں پر جنگی جرائم اور انسانیت سوز جرائم میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ کئی ملکوں نے عالمی فوجداری عدالت کے جاری کردہ وارنٹ کی تعمیل کا عندیہ دیا ہے۔ امریکا نے، حسبِ توقع، عالمی عدالت کے وارنٹ مسترد کردیے ہیں۔