گرفتار ملزمان عمرہ ادا کرنے کے بنیادی طریقہ کار سے مکمل طور پر ناواقف تھے
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے عمرے کی آڑ میں بھیک مانگنے کے لیے سعودی عرب جانے والے 10 افراد کو کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، ایف آئی اے امیگریشن نےعمرے کی آڑ میں گداگری میں ملوث 10 مسافروں کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان میں 7 خواتین اور ایجنٹ بھی شامل ہیں۔
گرفتار ملزمان میں محمد نواز، رحمت اللہ، نظام الدین، صغریٰ خاتون، حاجرہ خاتون، امام زادی، ماروی خاتون، مائی امیراں، زرینہ اور مائی خانل شامل ہیں۔ ملزمان کا تعلق رحیم یار خان، ٹنڈواللہ یار اور سکھر سے ہے۔
ترجمان کے مطابق، ملزمان فلائٹ نمبر G9549 کے ذریعے عمرے ویزے پر سعودی عرب جا رہے تھے، گرفتار ملزم محمد نواز نے خود کو دیگر ملزمان کا رشتے دار ظاہر کیا جبکہ دوران تفتیش دیگر ملزمان نے انکشاف کیا کہ ملزم محمد نواز ایجنٹ ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق، ملزم محمد نواز نے تمام مسافروں کی سفری دستاویزات کا بندوبست کیا، ملزمان سعودی عرب گداگری کے غرض سے جارہے تھے، گرفتار ملزمان عمرہ ادا کرنے کے بنیادی طریقہ کار سے مکمل طور پر ناواقف تھے۔
ترجمان ایف آئی نے بتایا کہ ملزمان رہائش اور ہوٹل بکنگ کے حوالے سے کسی قسم کی دستاویزات دینے میں ناکام رہے، ملزمان کے پاس سفری اخراجات کے لیے رقم موجود نہ تھی، گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کردیا گیا ہے اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔