موٹروے اور راستوں کی بندش، ریلوے سٹیشنوں پر مسافروں کا رش لگ گیا

لاہور سے راولپنڈی جانے اور لاہور آنے والی تمام ٹرینوں کی بکنگ فل ہوگئی، کئی شہریوں کو ٹکٹ بھی نہ مل سکا

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کے اعلان کے باعث موٹروے اور راستوں کی بندش کے نتیجے میں ریلوے سٹیشنوں پر مسافروں کا رش لگ گیا۔ تفصیلات کے مطابق موٹروے کی بندش کے باعث لاہور اور راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر مسافروں کا رش بڑھ چکا ہے، لاہور سے راولپنڈی جانے اور لاہور آنے والی تمام ٹرینوں کی بکنگ فل ہوچکی ہے، لاہور سے گوجرانوالہ، وزیرآباد، لالہ موسیٰ، نارووال، سیالکوٹ، فیصل آباد، پشاور اور کراچی جانے والی ٹرینوں کی ٹکٹوں کی بکنگ بھی مکمل ہوگئی۔

بتایا گیا ہے کہ راستوں کی بندش کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد راولپنڈی ریلوے سٹیشن بھی پہنچ گئی ہے جہاں مسافروں کے رش میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے، متعدد شہریوں کو رش ہونے کے باعث ٹکٹ بھی نہ مل سکا، مسافر ٹکٹوں کے حصول کے لیے ریلوے سٹیشنوں کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔

معلوم ہوا ہے کہ شٹل ٹرین کے باوجود ہزاروں مسافر منزل تک نہ پہنچ سکے اور شہریوں نے راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر ڈیرے لگا لیے، مسافروں کے رش کو کم کرنے کے لیے گزشتہ رات راولپنڈی کے لیے سپیشل ٹرین بھی چلائی گئی تاکہ اضافی مسافروں کو سہولت فراہم کی جا سکے، ریلوے حکام نے بتایا کہ مسافروں کو فوری منزل تک پہنچایا جائے گا، اس مقصد کیلئے دوسری شٹل ٹرین آج 4 بجے چلائی جائے گئی۔

بتایا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو 24 مقامات سے سیل کرکے میٹرو بس سروس بھی بند کنے کا فیصلہ کرلیا گیا، اسلام آباد کے داخلی راستے روات ٹی چوک، ایران ایوینو، 26 نمبر چونگی، کھنہ پل، فیض آباد، مری روڈ، موٹروے چوک، ایکسپریس وے، نائنتھ ایونیو، جناح ایونیو، ڈی چوک، سرینا چوک، میریٹ چوک پر کنٹینرز لگا دیئے گئے، اس کے علاوہ آئی جے پی روڈ، کیرج فیکٹری، مندرہ اور ٹیکسلا روڈ کو بند کر دیا گیا ہے اور کچہری چوک کو یکطرفہ ٹریفک کے طور پر چلایا جائے گا، اسلام آباد اور راولپنڈی کی تمام رابطہ سڑکوں کو مکمل سیل کیا جائے گا۔

بتایا گیا کہ پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر اسلام آباد میں 23 نومبر کو میٹروبس سروس آئی جے پی تا پاک سیکرٹریٹ مکمل بند رہے گی، میٹرو بس سروس دو دن صدر تا سیکریٹریٹ مکمل معطل رہے گی، صورتحال دیکھ کرسروس بحالی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی کی جانب 24 نومبر کی احتجاجی کال کے پیش نظر لاہور کے تمام داخلی و خارجی راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دیئے گئے، لاہور سے دیگر شہروں کو جانے والی موٹرویز کو بند کیا گیا ہے، بابو صابو کو بھی کنٹینرز اور بیرئیر لگا کر بند کرکے پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی، لاہور سے اسلام آباد جانے والی موٹر وے بند ہے، بند روڈ پر واقع تمام بس اڈے بھی بند کر دیئے گئے، لاہور رنگ بھی ٹریفک کے لئے بند ہے، جی ٹی روڈ کو جہلم کے مقام سے بند کیا گیا ہے، موٹرویز کے بارے میں کہا گیا ہے کہ مرمتی کام کی وجہ سے بند کی گئی ہیں۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں