پاکستان میں بھی پیراتھائرائیڈ بیماری کا علاج ممکن ہونے کا انکشاف، امریکا سمیت کئی ممالک میں پیراتھائرائیڈ کا جدید طریقہ علاج اختیار کر لیا گیا
مریم نواز کا صرف امریکا اور سوئزرلینڈ میں اپنی بیماری کا علاج ہونے کا دعوٰی غلط نکلا، پاکستان میں بھی پیراتھائرائیڈ بیماری کا علاج ممکن ہونے کا انکشاف، امریکا سمیت کئی ممالک میں پیراتھائرائیڈ کا جدید طریقہ علاج اختیار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بیرون ملک موجود وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز کی جانب سے حال ہی میں دعوٰی کیا گیا کہ انہیں پیراتھائرائیڈ کا طبی مسئلہ ہے اور اس کا مکمل علاج پاکستان میں ممکن نہیں۔
اس حوالے سے بی بی سی کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مریم نواز کی جانب سے جس بیماری کا ذکر کیا گیا ہے، اس بیماری کا پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں علاج باآسانی ممکن ہے۔ بی بی سی کی جانب سے پاکستان میں موجود دو ڈاکٹرز سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ اس بیماری کے حوالے سے سرجری پاکستان میں ممکن ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اس مرض کی بنیادی سرجری پاکستان میں ممکن ہے تاہم اب دنیا کے کئی بڑے ممالک میں ایک نئی سرجری بھی متعارف کروائی گئی ہے ، یہ نئی سرجری فی الحال پاکستان میں ممکن نہیں ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پیراتھائرائیڈ بیماری کا بنیادی طریقہ علاج سرجری ہے۔ دو طرح کی سرجری ہو سکتی ہے ایک میں گردن کے سامنے کٹ لگا کر چاروں غدود دیکھے جاتے ہیں اس میں خون کا ضیاع بھی زیادہ ہوتا ہے اور یہ تکلیف دہ بھی زیادہ ہوتی ہے۔ جبکہ دنیا کے بڑے ممالک میں ایک نئی سرجری متعارف کروائی گئی ہے۔ اس میں خون بھی کم ضائع ہوتا ہے اور مریض کو تکلیف بھی کم ہوتی ہے اور مریض کچھ گھنٹوں کے بعد گھر واپس جا سکتا ہے۔
کچھ کیسز میں جب مریض کی سرجری نہ کی جا سکے تو مریض کو سنسی بار کے نام سے موجود ایک دوا دی جاتی ہے جو دنیا بھر میں میسر ہے۔ جہاں تک اس بات کا تعلق ہے کہ کیا اس بیماری کا علاج پاکستان میں موجود ہے یا نہیں؟ تو بالکل اوپن سرجری جو روایتی طریقہ علاج ہے وہ تو موجود ہے۔ ہزاروں مریض یہ سرجری کرواتے ہیں لیکن جدید سرجری کی سہولت پاکستان میں ابھی میسر نہیں، یہ صرف امریکہ اور چند بڑے ممالک میں موجود ہے۔