لبنان سے دو ڈرونز اور 40 میزائل اسرائیل کی جانب فائر کیے گئے جنہیں تباہ کردیا گیا، حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں.اسرائیلی فوج
حزب اللہ نے پہلی بار اسرائیلی فوج کے ہیڈ کوارٹر اور وزارت دفاع پر ڈرونز سے حملے کا دعوی کردیا جبکہ حزب اللہ کے ہاتھوں زمینی کارروائی میں اسرائیل کے 6فوجی ہلاک ہوگئے دوسری جانب اسرائیل لبنان میں زمینی آپریشن کو مزید وسعت دیتے ہوئے مزید کئی دیہات میں زمینی کارروائیاں شروع کردی ہیں جبکہ لبنان میں جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق حزب اللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں اسرائیلی فوج کے ہیڈکوارٹر اور وزارت دفاع کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کے اہم دفاعی اداروں اور کمرشل مراکز پر فضائی حملوں کیلئے پھٹنے والے ڈرونز کے اسکواڈرن کا استعمال کیا گیا ہے ادھرلبنان میں حزب اللہ کے ہاتھوں زمینی کارروائی میں اسرائیل کے 6 فوجی ہلاک ہوگئے.
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجی سرحد کے قریب لڑائی میں ہلاک ہوئے فوج نے ایک بیان میں کہا کہ فوجی جنوبی لبنان میں لڑائی کے دوران ہلاک ہوئے ہیں تازہ ہلاکتوں کے بعد 30 ستمبر سے اب تک حزب اللہ کے ساتھ لڑائی میں 47 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں. اسرائیلی فوج کا یہ اعلان نئے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کے کہنے کے بعد سامنے آیا ہے کہ حزب اللہ کے خلاف جنگ میں کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے” ایکس “پر گولانی بریگیڈ کے نشان کی ایک تصویر شیئر کی جس یونٹ سے ہلاک فوجیوں کا تعلق تھا.
حزب اللہ نے کہا کہ اس نے تل ابیب کے تجارتی مرکز میں اسرائیلی فوج کے ہیڈ کوارٹر پر بیلسٹک میزائل داغے ہیں جس میں وزارت دفاع بھی واقع ہے اسرائیلی فوج کے ترجمان کے یونٹ نے کہا کہ وہ حزب اللہ کے الزامات پر ردعمل ظاہر نہیں کرے گا دریں اثنا اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے لبنان سے اسرائیلی علاقے میں داخل ہونے والے پانچ پروجیکٹائل میں سے کچھ کو ناکاہ بنایا ہے.
اسرائیلی فوج نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ لبنان سے اسرائیل پر بھاری تعداد میں راکٹ فائر کیے گئے تھے اسرائیل کے مرکزی علاقوں میں سائرن کی آوازوں کے بعد ایک اور بیان میں اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ لبنان سے دو ڈرونز اور 40 میزائل اسرائیل کی جانب فائر کیے گئے جنہیں تباہ کردیا گیا، حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ حملے کہاں ہوئے اس مقام کی نشاندہی نہیں کی گئی.
دوسری طرف اسرائیلی فوج نے لبنان میں زمینی کارروائی کا دائرہ مزید وسیع کردیا ہے” العربیہ“ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ لبنان میں زمینی کارروائی کے دوسرے مرحلے میں جانے کے لیے اسرائیل سے سیاسی منظوری حاصل کی گئی تھی ذرائع نے کہا کہ اسرائیلی قیادت نے جنوبی لبنان کے اضافی دیہات کو شامل کرنے کے لیے زمینی کارروائی کو مزید گہرا کرنے کا فیصلہ کیا زمینی کارروائی کو مزید گہرا کرنا سیاسی دبا کے دائرے میں آتا ہے.
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوبی لبنان کے یحمر الشقیف قصبے پر اسرائیلی توپ خانے کی گولہ باری کے ساتھ اسرائیلی طیاروں نے جنوبی لبنان کے متعدد علاقوں پر بمبار کی اسرائیلی توپ خانے نے جنوبی لبنان کے قصبے یحمر الشقیف پر بھی 155 ایم ایم فاسفورس گولوں سے بمباری کی جس سے متعدد مکانات جل کر مکمل طور پر تباہ ہو گئے. اسرائیلی ڈرون نے گائیڈڈ میزائل سے جنوبی قصبے کفر رمان کے علاقے التابلاین کو نشانہ بنایا لبنان کے سرکاری نشریاتی ادارے نے اعلان کیا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے قصبے صدیقین اور کفر رمان قصبے پر حملہ کیا ایک اسرائیلی ڈرون نے جنوبی قصبے یحمر الشقیف اور جنوبی قصبے الشعیتیہ میں ایک موٹر سائیکل کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئیں اسرائیلی توپ خانے نے جنوبی لبنان میں دریائے لیتانی کے راستے کو نشانہ بنایا اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے کئی قصبوں کو نشانہ بناتے ہوئے حملے شروع کیے ہیں اسرائیلی جنگی طیاروں نے لبنان کے چوف علاقے اور لبنان کے متعدد علاقوں میں الگ الگ حملے کئے.