عمران خان خود غرضی کی عینک اتارکر ملک کی صورتحال دیکھیں: شیری رحمان

عمران خان اپنا بیانیہ زندہ رکھنے کے مشن پر ہیں۔

وفاقى وزير برائے ماحولیاتی تبدیلی شيرى رحمان کا کہنا ہے کہ عمران خان خود غرضی کی عینک اتار کر دیکھیں ملک میں کیا صورت حال ہے، وہ اس وقت بھی لوگوں کو نفرت اور انتشار پر اکسا رہے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ یہ جلسوں کا نہیں زندگیاں بچانے کا وقت ہے.. اس وقت ملک کا ایک تہائی حصہ زیر آب ہے، 80 اضلاع آفت زدہ قرار دیئے گئے ہیں لیکن عمران خان اپنا بیانیہ زندہ رکھنے کے مشن پر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاکھوں لوگ کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں لیکن عمران خان کہتے ہیں وہ قوم کو انقلاب کے لئے جگا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان صرف سندھ اور بلوچستان کو نہیں بلکہ پنجاب اور کے پی کے سیلاب زدگان کو بھی پیغام دے رہے ہیں کہ ان کو بس اپنی سیاست سے غرض ہےان کو عوام کی مشکلات اور زندگیوں سے کوئی سروکار نہیں۔

شيرى رحمان نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے لوگ ریسکیو اور ریلیف کے منتظر ہیں مگر پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر عمران خان کو بنی گالا سے جلسہ گاہ پک اینڈ ڈراپ دے رہا ہے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں