بلوچستان میں دہشتگردوں کیخلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن بڑھانے کا فیصلہ

وزیرداخلہ سینیٹر محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اہم اجلاس میں دہشت گردوں کا سر کچلنے کے لیے پوری طاقت سے فیصلہ کن اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا

بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن بڑھانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خود کش دھماکے کے بعد سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، شرکاء نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر ہونے والے خودکش دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی، اجلاس میں دہشت گردوں کا سر کچلنے کے لیے پوری طاقت سے فیصلہ کن اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا، دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن بڑھائے جائیں گے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں، شہداء کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں، دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے بلوچستان حکومت سے ہرممکن تعاون کریں گے، بلوچستان حکومت کو ترجیحی بنیاد پر ضروری وسائل کی فراہمی کا اعلان کرتا ہوں، بلوچستان پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر فورسز کی تربیت اور استعداد بڑھانے میں تعاون کریں گے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے پولیس اور لیویز کی پیشہ وارانہ استعداد بڑھانے کے اقدامات کریں گے، دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے پولیس اور لیویز کو جدید خطوط پر استوار کریں گے، پُرعزم ہیں کہ بلوچستان سے دہشتگردی کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر ہونے والے خود کش دھماکے میں 27 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوئے تھے، خودکش بمبار نے سامان میں 7 سے 8 کلو گرام بارودی مواد چھپا رکھا تھا جو اس نے جعفر ایکسپریس کے ٹریک پر پہنچنے سے پہلے اڑا دیا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں