دورہ امریکا بہت اچھا رہا، میڈیا سے تفصیلی گفتگو ایک دو دن میں کروں گا، نواز شریف

مثبت پالیسیوں کی بدولت پاکستان دوبارہ ٹریک پرآرہا ہے، معاشی اشاریے پہلے سے بہتر ہو رہے ہیں، مہنگائی بھی کم ہورہی ہے، مریم نواز انشاءاللہ جلد لندن آرہی ہیں، صدر مسلم لیگ ن کی صحافیوں سے گفتگو

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دورہ امریکا بہت اچھا رہا، میڈیا سے تفصیلی گفتگو ایک دو دن میں کروں گا، مثبت پالیسیوں کی بدولت پاکستان دوبارہ ٹریک پرآرہا ہے،معاشی اشاریے پہلے سے بہتر ہو رہے ہیں، مہنگائی بھی کم ہورہی ہے،دورہ امریکہ سے واپس لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک کی حالت پہلے سے بہتر ہوئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف معاشی استحکام کیلئے دن رات کام کررہے ہیں۔ پی آئی اے پر مزید کام کرنے کا ارادہ ہے، ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عملدر آمد ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز انشاءاللہ جلد لندن آرہی ہیں۔مریم نواز پنجاب میںبہت اچھا کام کررہی ہیں۔

مریم نوازکو دن رات بس ایک فکر ہے کہ غریب آدمی آسانی سے زندگی گزار سکیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ہروقت اس کوشش میں رہتی ہیں کہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے ۔واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف 25 اکتوبر کو غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز ای کے 625 کے ذریعے دبئی روانہ ہوئے تھے۔دبئی میں ایک روز قیام کے بعد نواز شریف لندن پہنچے تھے جہاں ان کی رہائش گاہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹ کے باہرمسلم لیگ ن کے رہنماﺅں و کارکنوں نے اپنے لیڈر کا استقبال کیا تھا۔

بعدازاں نواز شریف لندن میں ایک روز قیام کے بعد دورہ امریکا کیلئے روانہ ہوگئے تھے۔لندن سے امریکا کیلئے روانگی کے وقت ایک صحافی نے صدر مسلم لیگ ن نے یہ سوال کیا تھاکہ آپ کا دورہ امریکا نجی نوعیت کا ہے جبکہ ایک اور صحافی نے یہ بھی پوچھا تھامیاں صاحب آپ وزیر اعظم کیوں نہیں بنے۔صحافی نے یہ بھی سوال کیا تھا کہ گزشتہ سال 21 اکتوبر کو آپ چوتھی بار وزیراعظم بننے کیلئے پاکستان گئے تھے۔

عوام دیکھ رہے تھے کہ آپ وزیر اعظم بنیں گے۔ لیکن آپ وزیر اعظم کیوں نہیں بنے؟۔صحافیوں کے سوالات کے جواب میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے کوئی جواب دینے کے بجائے صحافی سے پوچھا کہ میری امریکا روانگی سے پہلے کیا یہ سوال پوچھنا ضروری تھا؟۔بعدازاں وہ مسکراتے ہوئے روانہ ہوگئے تھے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں