صورتحال بگڑنے سے قبل میٹروپولیٹن پولیس کے افسران و اہلکار موقع پر پہنچ گئے
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف لندن پہنچ گئے جنہیں رہائش گاہ کے باہر مختلف نعروں کا سامنا کرنا پڑا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف لندن پہنچ چکے ہیں، ایون فیلڈ پہنچنے پر ن لیگی کارکنوں نے سابق وزیراعظم کا استقبال کیا، تاہم اس دوران پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے بھی نواز شریف کی رہائشگاہ ایون فیلڈ ہاؤس کے باہر جمع ہو کر احتجاج کیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ نوازشریف کی رہائشگاہ کے باہر احتجاج کرنے والوں نے شدید نعرے بازی کی، اسی دوران مسلم لیگ ن کے ورکرز بھی سامنے آگئے، صورتحال بگڑنے سے قبل میٹروپولیٹن پولیس کے افسران و اہلکار موقع پر پہنچ گئے، پولیس نے نوازشریف کی گاڑی ایون فیلڈ میں داخل ہونے کے لیے مدد کی، نواز شریف کی حمایت اور مخالفت میں مظاہرہ کرنے والوں کو قابو رکھنے کے لیے پولیس اہلکار سڑک کے درمیان میں کھڑے رہے، تاہم مظاہرین کی نعرے بازی کے باعث نواز شریف میڈیا سے بات کیے بغیر اپنی رہائشگاہ چلے گئے۔
بتایا جارہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نوازشریف طویل عرصے بعد وطن واپسی کے بعد دوبارہ لندن پہنچے ہیں، جس کے لیے وہ لاہور سے براستہ دبئی لندن روانہ ہوئے، صدر ن لیگ کی پرواز صبح 9 بجے لاہور ایئرپورٹ سے براستہ دبئی لندن کیلیے روانہ ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نومبر کے پہلے ہفتے لندن جائیں گی، چند روز قیام کے بعد نواز شریف اور مریم نواز دونوں یورپ کے مختلف ممالک کے دورے کریں گے، نواز شریف دوروں کے موقعوں پر اہم ملاقاتیں بھی کریں گے، صدر ن لیگ لندن میں پارٹی کے نئے عہدے داروں سے ملاقات بھی کریں گے۔