پارکنگ پلازوں کی تعمیر کے لئے بلا تاخیر پیشرفت کی جائے، مرکزی صدر اشرف بھٹی
آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے پنجاب حکومت کی جانب سے تجاوزات کے خلاف کر یک ڈائون کی حمایت کرتے ہوئےحکومت سے اپیل کی ہے کہ جن کاروباری مراکز کے قریب پارکنگ پلازوں کی تعمیر کی منظوری ہو چکی ہے وہاں تعمیرات کے لئے بلا تاخیر پیشرفت کی جائے۔
مختلف کاروبار ی مراکز اور مارکیٹوں کے تاجر رہنمائوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اشرف بھٹی نے کہا کہ تجاوزات کی وجہ سے صرف ٹریفک کے مسائل ہی نہیں بلکہ تاجروں کا کاروبار بھی متاثر ہو رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے حکومت کریک ڈائون کے بعد موثر مانیٹرنگ بھی کرے اور دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہونے دی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ بازاروں اور مارکیٹوں میں پارکنگ کیلئے جگہ مختص کرے۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ جن مقامات پر پارکنگ پلازوں کی تعمیرکی منظوری ہو چکی ہے اور تعمیر کیلئے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ، حکومت اس سلسلہ میں بھی بلا تاخیر اقدامات کرے ۔