امریکہ کو ان حملوں کی پہلے سے اطلاع دی گئی تھی.فرانسیسی ادارے کا دعوی‘ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست فائر کا تبادلہ ختم ہونا چاہیے.امریکا
امریکی نیشنل سکیورٹی کونسل کے ترجمان شان سویٹ نے کہا ہے کہ فوجی اہداف پر کیے گئے مخصوص حملے اسرائیل کے اپنے دفاع کی مشق ہیں اور ایران کے یکم اکتوبر کو کیے گئے بیلسٹک میزائل حملے کے جواب میں کیے گئے . فرانسیسی نشریاتی ادارے نے امریکی محکمہ دفاع کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکہ کو ان حملوں کی پہلے سے اطلاع دی گئی تھی اور اس میں امریکہ شامل نہیں تاہم عہدے دار نے یہ نہیں بتایا کہ امریکہ کو کس حد تک پیشگی اطلاع دی گئی یا اسرائیل نے کیا معلومات فراہم کیں.
ہفتے کے حملے کی نوعیت اور وسعت فوری طور پر واضح نہیں لیکن ممکنہ اشارے کے طور پر شامی سرکاری نشریاتی ادارے نے کہا کہ شامی فضائی دفاع نے دارالحکومت دمشق کے قریب دشمن اہداف کو روکا ہے ٹیلی گرام پر بیان میں شامی ادارے نے کہا کہ ہمارا فضائی دفاع دمشق کے گردونواح میں دشمن اہداف کا مقابلہ کر رہا ہے.
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دمشق کے آس پاس دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں تاہم ان دھماکوں کا اصل سبب واضح نہیں تھا دوسری جانب برطانوی ادارے نے بتایا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ کے ایک اعلیٰ عہدے دار نے کہا ہے کہ ایران میں فوجی اہداف پر اسرائیل کے حملے تہران کے پہلے حملوں کے جواب میں مخصوص اہداف پر اور متناسب کارروائی دکھائی دیتے ہیں جن میں شہریوں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ کم ہے امریکی عہدے دار کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست فائر کا تبادلہ ختم ہونا چاہیے.
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ امریکہ کے پاس ایران کے ساتھ براہ راست اور بالواسطہ رابطے کے متعدد ذرائع موجود ہیں جن کے ذریعے اس نے اپنا موقف واضح کر دیا ہے امریکہ نے ایران پر زور دیا کہ وہ اسرائیل پر حملہ کرنا بند کرے تاکہ تشدد کے اس سلسلے کو مزید شدت اختیار کیے بغیر ختم کیا جا سکے. امریکی نیشنل سکیورٹی کونسل کے ترجمان شان سویٹ نے کہا کہ ہم ایران پر زور دیتے ہیں کہ وہ اسرائیل پر اپنے حملے بند کرے تاکہ یہ لڑائی بغیر مزید شدت کے ختم ہو سکے رپورٹ کے مطابق امریکی اور اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ایران پر تین مرحلوں میں حملے کیے گئے دوسرے اور تیسرے حملے میں میزائل اور ڈرون کے اڈوں اور ان کی پیداوار کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا یہ حملہ دونوں حریفوں کو مکمل جنگ کے قریب دھکیل سکتا ہے خاص طور پر اس وقت جب پورے مشرقِ وسطیٰ میں تشدد میں تیزی آ رہی ہے.
اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے ایران میں فوجی اہداف پر ٹھیک نشانے کے ساتھ حملے کیے تاہم مزید تفصیلات فوری طور پر فراہم نہیں کی گئیں اسرائیلی فوج کے ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینیئل ہگاری نے ہفتے کی صبح ریکارڈ شدہ ویڈیو بیان میں کہا کہ ایران کی حکومت اور اس کے علاقائی اتحادی سات اکتوبر سے اسرائیل پر مسلسل حملے کر رہے ہیں جن میں ایرانی سرزمین سے براہ راست حملے بھی شامل ہیں.
انہوں نے کہا کہ دنیا کے ہر خودمختار ملک کی طرح ریاست اسرائیل کا بھی حق اور فرض ہے کہ وہ جواب دے ابتدائی طور پر اسرائیل کے ایران پر یکم اکتوبر کے حملے کے جواب میں ممکنہ اہداف کے طور پر جوہری تنصیبات اور تیل کے ذخائر کو دیکھا جا رہا تھا لیکن اکتوبر کے وسط میں بائیڈن انتظامیہ نے یہ یقین دہانی حاصل کر لی کہ اسرائیل ایسے اہداف کو نشانہ نہیں بنائے گا اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگاری نے ایک الگ بیان میں لوگوں کو ہوشیار اور چوکنا رہنے کی ہدایت کی ہے.