حکومت شرح سود سنگل ڈیجٹ اور فی یونٹ بجلی 9 سینٹ پر لانے کا اعلان کرے. کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب
پاکستان کے بڑے صنعتکاروں نے حکومت کی معاشی پالیسی پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا اور ان کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کو وینٹی لیٹر سے نکالنے کے لیے حکومت شرح سود سنگل ڈیجٹ اور فی یونٹ بجلی 9 سینٹ پر لانے کا اعلان کرے. نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں مشترکہ نیوز کانفرنس کے دوران ایوان صنعت و تجارت پاکستان کے قائم مقام صدر ثاقب فیاض مگوں، یو جی بی گروپ کے پیٹرن انچیف ایس ایم تنویر اور رکن قومی اسمبلی مرزا اختیار بیگ سمیت دیگر صنعتکاروں نے کہا کہ حکومتی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے معیشت وینٹی لیٹر پر چلی گئی ہے.
انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کا ازسر نو جائزہ لے کر ملک کو گرین انرجی سے فائدہ اٹھانے کا موقع دیا جائے جبکہ حکومت آسان اور قابل عمل موسم سرما پیکج کا اعلان کرے صنعتکاروں نے کہا کہ وفاقی ریونیو بورڈ (ایف بی آر) صنعتکاروں کو ہراساں کر رہا ہے اور ایف آئی آر درج کرنے کی باتیں کر رہا ہے تاہم واضح کہہ رہے ہیں کہ کسی بھی صنعتکار کا نام ایف آئی آر میں نہیں آنا چاہیے.
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کسی بھی کارروائی سے پہلے فیڈریشن کو اعتماد میں لے، روزگار اور برآمدات دینے والوں کے خلاف مقدمات نہیں بننے دیں گے انہوں نے کہا کہ عوام پر ایک بار پھر ٹیکس لگانے کی تیاری کی جارہی ہے، معیشت کو وینٹی لیٹر سے نکالنے کے لیے شرح سود سنگل ڈیجٹ پر لایا جائے جبکہ حکومت بجلی کی فی یونٹ قیمت 9 سینٹ پر لانے کا اعلان کرے.