اسلام آباد،قیدی وینز پر حملہ،پی ٹی آئی کارکنوں کو چھڑانےکی کوشش ،کئی فرار ،پولیس نےدوبارہ گرفتار کرلئے

پی ٹی آئی کے دہشت گردی کے مقدمات میں ملوث ملزمان کو چھڑوانے کے لیے نامعلوم افراد نے قیدیوں کی وینز پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں متعدد قیدی فرار ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد نے پولیس قیدی وینوں پر فائرنگ کی، شیشے بھی توڑے،وینوں میں اٹک جیل سے پیشی کیلئے لائے جانے والے قیدی سوار تھے،قیدی وینوں میں ڈیڑھ سو سے زائد قیدی موجود تھے۔

دوسری جانب سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے الزام لگایا کہ ہمارے لوگوں کو زبردستی قیدی وینز سے باہر نکالا گیا،پولیس نے گرفتار افراد کو بھگانے کی کوشش کی۔

گرفتار کارکن بھاگنے سے انکاری ہیں، سب وہیں کھڑے ہیں،کارکنوں کو عدالت نے ڈسچارج کیا تو دوسرے کیس میں گرفتاری ڈال دی گئی،ہمارے82سےزائد کارکنوں کو 3قیدی وینز میں اٹک منتقل کیاجارہاتھا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا اپنے ردعمل میں کہنا تھا اسلام آباد میں آج پھر ایک ڈرامہ رچایاگیا،پولیس نے قیدی وین کےخود تالے توڑے اور ہمارے ارکان پر بھاگنےکا الزام لگایا،ہمارےکارکنوں کوعدالت نےرہاکیااوردوسرے کیس میں ان کوگرفتار کرلیاگیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا تحریک انصاف کے کارکنان نے قیدی وینز پرحملہ کیا،گرفتار ملزمان کو فرار کرانے کی ناکام کوشش کی گئی،سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب قیدی وینز پر منصوبے کے تحت حملہ کیاگیا۔

قیدی وینز پر حملے کو اسلام آباد پولیس نے کامیابی سے ناکام بنایا،تحریک انصاف کا بیان ایک فلمی بیان لگتاہے،ایم پی اے لیاقت کے صاحبزادے کو گرفتار کرلیاگیاہے،ایم پی اے کے بیٹے کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیاگیاہے۔

یہ اسلحے سے لیس آئے تھے اور پولیس پر فائرنگ کی،ان کی ایک تاریخ رہی ہے، یہ حملے کرتے ہیں،یہ لوگ ہمیشہ تشدد کی سیاست کرتے ہیں،واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں،4افراد کو حراست میں لیاگیا۔

انہوں نے مزید کہ کہا 82ملزمان کو باقاعدہ فرار کرانے کی کوشش کی گئی ،حملے میں 2پولیس اہلکارزخمی ہوئے ہیں،اس معاملے پر سخت ایکشن لیا جائے گا،قانونی کارروائی کی جائے گی۔

آئندہ کسی بھی ملزم کو فرار کرانے کی کوشش نہ کی جائے،ملزمان کو فرارکروانا کریمنل گینگز کا کام ہوتا ہے،اس منصوبے کے منصوبہ سازوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی،کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

تمام قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرلیاگیاہے،کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ،15ملزمان کی تلاش شروع کردی ،ہمارے پاس سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے۔

آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا فرار ہونے والے تمام قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس 82 قیدیوں کو عدالت پیشی کے بعد اٹک جیل منتقل کررہی تھی،4 ڈالوں میں سوار ملزمان نے سنگجانی ٹول پلازہ کے نزدیک قیدی وینوں پر حملہ کردیا۔

ملزمان اسلحہ، ڈنڈے سوٹوں اور پتھروں سے لیس تھے۔حملے میں 4 پولیس اہلکار زخمی، جبکہ 3 حملہ آور گرفتارہوئے،پولیس کے سینئر افسران بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر موجود ہیں۔

تمام تر صورت حال کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے۔حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز بھی شروع کردئیے ہیں۔حملہ آوروں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں