حکومت نے پی ٹی آئی کی بات مان لی، ڈاکٹرز عمران خان کا کل طبی معائنہ کریں گے
تحریک انصاف نے کل ہونے والا جلسہ موخر کردیا، ذرائع کے مطابق فیصلہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں ہوا، احتجاج موخر کرنے کا فیصلہ عمران خان کے طبی معائنہ کروانے کی شرط مانے کی بنیاد پر کیا گیا۔
حکومت بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنہ کروانے کے لیے تیار ہو گئی ہے۔ اس حوالے سے پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف کل ہونے والا احتجاج نہیں کرئے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاج مؤخر کرنے کا فیصلہ ایس سی او اجلاس کے تناظر میں وسیع تر ملکی مفاد میں کیا گیا۔
پی ٹی آئی کی سینئر قیادت احتجاج مؤخر کرنے سے متعلق کچھ دیر میں باضابطہ اعلان کرے گی۔
حکومت نے پی ٹی آئی کی بات مان لی
حکومت نے کل کا احتجاج مؤخر کرنے کیلئے تحریک انصاف کی شرط مان لی۔
ذرائع کے مطابق حکومت بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے کیلئے تیار ہے اور ڈاکٹرز کل صبح اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پمز اسپتال کے ڈاکٹرز کل صبح اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے بانی پی ٹی آئی سے ذاتی معالج کو ملنے کی اجازت دے دی ہے اس حوالے سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے پی ٹی آئی قیادت کو حکومت کے فیصلے سے آگاہ کردیا۔
حکومتی آفر، تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا
دوسری جانب کل پی ٹی آئی احتجاج کرے یا نہ کرے اس حوالے سے تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی زیادہ تر قیادت احتجاج موخر کرنے کے حق میں ہیں۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر 15 اکتوبر کو ڈی چوک میں احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔ تحریک انصاف نے شرط لگا رکھی ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے تو 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج ملتوی کردیں گے۔