چینی قافلے پر ائیرپورٹ کے قریب حملہ کیا گیا ، چینی سفارتخانہ

پاکستان میں چینی سفارت خانہ اور قونصلیٹ جنرل دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستانی حکام کے ساتھ حملے کے بعد کی صورتحال کا مل کر جائزہ لے رہے ہیں ، چینی سفارتخانہ کا اعلامیہ

کراچی میں ائیرپورٹ کے قریب سگنل کے قریب ہونے والے دھماکے میں چینی شہریوں کی ہلاکت کے بعد چینی سفارتخانے نے باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا،چین کا کہنا ہے کہ پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے چینی عملے کو لے جانے والے قافلے پر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب حملہ کیا گیا۔

پاکستانی حکام کے ساتھ حملے کے بعد کی صورتحال کا مل کر جائزہ لے رہے ہیں۔ پاکستان میں چینی سفارت خانہ اور قونصلیٹ جنرل اس دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ دونوں ممالک کے بے گناہ متاثرین کے ساتھ گہرے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں اور مرحومین کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔بیان میں پاکستان میں چینی عملے کو مخاطب کرکے کہا گیا کہ پاکستان میں چینی سفارت خانہ اور قونصلیٹ جنرل چینی شہریوں اور کاروباری اداروں کو باورکراتا ہے کہ وہ سیکورٹی کی صورتحال پر گہری توجہ دیں حفاظتی اقدامات کو مضبوط بنائیں اور حفاظتی تدابیر کو یقینی بنائیں۔

بیان میں مزید کہا کہا گیا ہے کہ پاکستان میں چینی سفارت خانے اور قونصلیٹ جنرل نے فوری طور پر ایک ہنگامی منصوبہ شروع کیا ہے جس میں پاکستانی حکام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ حملے کی مکمل تحقیقات کرے۔ مجرموں کو سخت سزا دی جائے اور چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کی حفاظت کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔یا د رہے کہ کراچی ائیرپورٹ سگنل کے قریب زوردار دھماکے سے 3 غیر ملکی جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے ، ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ایئرپورٹ سگنل کے قریب آئل ٹینکر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کی آواز دور تک سنی گئی، اطراف میں رہنے والے لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ رینجرز اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ کر آگ بھجانے میں مصروف ہوگئیں۔آگ لگنے سے تین گاڑیاں اور چار موٹر سائیکلیں تباہ ہوگئیں۔ امدادی ٹیموں نے ایک گھنٹے کی طویل جدوجہد کے بعد ٹینکر اور گاڑیوں کی آگ بجھا دی۔

دھماکے کے بعد شارع فیصل کے اطراف میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔ گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ائیرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر کمرشل پروازوں کا فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے، مسافروں کیلئے ایئرپورٹ آنے والی سڑک کھلی ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی ایئرپورٹ کے قریب آئل ٹینکر میں دھماکے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ دھماکے کی نوعیت کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی جائے اورزخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں